• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاداب خان نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے شکست کا ذمہ دار کسے ٹھہرایا؟


اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن میں گزشتہ روز ہونے والے میچ میں شکست کا سہرا ڈی آر ایس ٹیکنالوجی کے سر سجا دیا۔

گزشتہ روز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ آمنے سامنے تھے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 138 رنز بنا کر حریف ٹیم کو 139 کا ہدف دیا، جسے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 18.2 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر بڑی مشکل سے پورا کیا۔

تاہم میچ کے اختتام جب یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان سے سوال کیا گیا کہ انہیں میچ میں شکست کیوں ہوئی، کہاں غلطی ہوئی تو انہوں نے شکست کا ذمہ دار ڈی آر ایس ٹیکنالوجی کو ٹھہرا دیا۔

انہوں نے ڈی آر ایس ٹیکنالوجی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرے خیال سے ہم ٹیکنالوجی کی خرابی کی وجہ سے ہارے ہیں۔ ریویو میں کوئی اور گیند دکھائی گئی۔ وہ میچ کا گیم چینچنگ لمحہ تھا، میرے خیال سے ان چیزوں کو درست ہونا چاہئے اتنے بڑے ٹورنامنٹ میں ایسی غلطیاں نہیں ہونی چاہئے۔

انہوں نے ریویو میں دوسری گیند دکھانے پر زور دیتے ہوئے مزید کہا کہ میں نے بطور لیگ سپنر 4 اوورز کروائے ہیں، تب گیند اتنی نہیں گھوم رہی تھی۔ ریویو میں آغا سلمان کی بال کو سب سے پہلے ہٹنگ آؤٹ سائڈ آف اسٹمپ اور پھر اسپنگ بھی کر دی۔ میرے خیال سے اتنے بڑے ٹورنامنٹ میں ایسی غلطیاں نہیں ہونی چاہئے۔

واضح رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگز کے 11ویں اوور کی آخری گیند پر یونائیٹڈ کے گیندباز آغا سلمان کی گیند پر سویپ شاٹ کھیلنے کی ناکام کوشش میں کپتان رائلی روسو کو آن فیلڈ امپائر علیم ڈار نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ دے دیا تھا تاہم ریویو میں انہیں ناٹ آؤٹ قرار دیا گیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے کپتان رائلی روسو 34 رنز بنا کر پلیئر آف دی میچ قرار پائے جبکہ جیسن روئے نے 37 اور شرفین ردرفورڈ نے 29 رنز بنا کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید