اسلام آباد یونائٹیڈ کے کپتان شاداب خان کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ تو نہ جیت سکے لیکن شاداب خان کا ڈی آر ایس سسٹم پر اعتراض کو ہاک آئی ٹیم نے غلطی کو تسلیم کرلیا اور اعتراف کیا کہ آپریٹر کی غلطی کی وجہ سے غلط بال ٹریکنگ ڈیٹا کو آن ایئر کردیا گیا۔
شاداب خان کے اعتراض کے بعد جب خبریں میڈیا کی زینت بنی تو ہاک آئی نے ایک معذرتی خط پی سی بی کو لکھ کر اپنی غلطی کا اعتراف کیا۔
پی سی بی نے تصدیق کرتے ہوئے ایک اعلامیہ بھی جاری کیا، جس کے مطابق ہاک آئی نے پی سی بی کو تصدیق کردی ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے میچ میں سلمان علی آغا کے خلاف رائلی روسو کو ناٹ آؤٹ قرار دینا انسانی غلطی تھی۔
اعلامیے کے مطابق ہاک آئی نے تسلیم کیا ہے کہ سسٹم نے زیر بحث ڈلیوری کو درست طریقے سے ٹریک کیا تھا، جس میں امپائر کی کال کے طور پر امپیکٹ اور وکٹ کو ہٹ کے طور پر دکھایا گیا تھا۔
تاہم آپریٹر کی غلطی کی وجہ سے غلط بال ٹریکنگ ڈیٹا کوآن ایئر کردیا گیا، ہاک آئی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وضاحت کی کہ اگر توقع کے مطابق عمل کیا گیا ہوتا تو بال ٹریکنگ کا درست ڈیٹا غلط ڈیٹا کے چلنے کے چند سیکنڈ بعد ہی دستیاب ہوتا۔
پی سی بی اعلامیہ کے مطابق ہاک آئی بال ٹریکنگ کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی واحد منظور شدہ ٹیکنالوجی ہے، جسے پہلی بار 2008ء میں آزمایا گیا تھا اور اس کے بعد سے یہ ڈی آر ایس کا حصہ ہے۔