• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ کی بڑی جماعتیں انتخابات میں مبینہ دھاندلی پر ایک پیج پر

گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس، تحریک انصاف، جماعت اسلامی اور جمعیت علماء اسلام (ف) انتخابات میں مبینہ دھاندلی پر ایک پیج پر جمع ہوگئے۔

جی ڈی اے، پی ٹی آئی، جماعت اسلامی اور جے یو آئی نے کل سندھ اسمبلی کے باہر انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج کا اعلان کردیا۔

کراچی میں ہونے والے اجلاس میں جے ڈی اے کے سید صدر الدین راشدی، صفدر عباسی، پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ، جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمان، جے یو آئی کے راشد محمود سومرو و دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں ذوالفقار مرزا، فہمیدہ مرزا، عالمگیر خان، علی پلھ دیگر نے شرکت کی، جس کے بعد پریس کانفرنس میں سیاسی جماعتوں کے قائدین نے کل کے سندھ اسمبلی اجلاس میں حلف نہ اٹھانے کا اعلان کیا۔

انتخابات میں دھاندلی کے خلاف تمام جماعتوں نے کل سندھ اسمبلی کے باہر احتجاج کرنے کا اعلان بھی کیا اور کہا کہ جب تک مینڈیٹ تسلیم نہیں کیا جاتا، آئینی جدوجہد جاری رہے گی۔

جے ڈی اے کے صفدر عباسی نے کہا کہ اجلاس میں بوگس اور دھاندلی زدہ الیکشن پر لائحہ عمل سے متعلق گفتگو ہوئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ جامشورو اور مورو میں جی ڈی اے نے دھرنے دیے ہیں، جے یو آئی کے دوستوں نے سندھ پنجاب بارڈر بلاک کیا تھا، پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی نے بھی احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔

صفدر عباسی نے یہ بھی کہا کہ 2024 کے انتخابات تاریخ کے سب سے دھاندلی زدہ الیکشن ہیں، کل 11 بجے اسمبلی کا جلاس ہے، اسمبلی کے باہر تمام جماعتیں احتجاج ریکارڈ کروائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ بھرپور احتجاج کریں گے، جعلی الیکشن کسی طور قبول نہیں ہیں، لائحہ عمل کیلئے تمام سیاسی جماعتوں پرمشتمل ایک کمیٹی بنائیں گے۔

جی ڈی اے رہنما نے کہا کہ ایک پتھر نہیں اٹھائیں گے مگر عوامی دباؤ بڑھائیں گے، ہمارے اراکین کل اسمبلی میں حلف نہیں اٹھائیں گے، کل کتنی دیر احتجاج کریں گے، کل ہی پتا چلے گا۔

صدر پی ٹی آئی سندھ حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ سندھ کے 6 کروڑ عوام کے حق پر ڈاکا ڈالا گیا، کل احتجاج کیلئے سندھ اسمبلی جانے سے روکا گیا تو دیکھیں گے کیا کرنا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کل جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے ارکان بھی اسمبلی میں حلف نہیں اٹھائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم مسترد شدہ پارٹی ہے، ووٹ صرف پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کو پڑے ہیں۔

راشد سومرو نے کہا کہ سندھ بھر کے کارکان صبح سندھ اسمبلی پہنچیں، کل بھی جی ڈی اے کی قیادت میں سندھ اسمبلی احتجاج کیلئے پہنچیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے ہر کارکن سے کہتا ہوں کراچی پہنچیں، آج کے بعد جو بھی لائحہ عمل ہوگا وہ مشترکہ ہوگا۔

قومی خبریں سے مزید