• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں موسلا دھاربارش کی پیشگوئی، بلدیاتی اداروں میں ایمرجنسی نافذ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) بلدیاتی اداروں اور کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے مو سلادھار بارش کے پیشگوئی کے بعد ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے کراچی میں متعلقہ عملے کو ہائی الرٹ کرتے ہوئے انہیں ڈیوٹیوں پر تعینات کر دیا سڑکوں کے نشیبی مقامات پر پمپس اور جنریٹر پہنچا دیئے گئے۔ ترجمان واٹر کارپوریشن نے اپنے جاری ایک اعلامیہ میں کہا کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے بارش کی پیش گوئی کے پیشِ نظر واٹر کارپوریشن میں رین یمرجنسی نافذ کردی گئی ہے،سی او او واٹر کارپوریشن انجینئر اسداللہ خان کا کہنا تھا کہ میئر کراچی و چیئرمین واٹر کارپوریشن بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر واٹر کارپوریشن میں رین ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے اور متوقع بارشوں کے پیشِ نظر واٹر کارپوریشن کا تمام عملہ ہائی الرٹ رہے گا اور عملے کی چھٹیاں منسوخ کی گئی ہیں۔سی او او واٹر کارپوریشن نے چیف انجینئر سیوریج سمیت تمام افسران کو الرٹ رہنے کے سخت احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام جیٹینگ، سکشن، راڈنگ، سیور کلینگ مشینوں اور ڈی واٹرنگ پمپس سمیت تمام مشینری ہمہ وقت تیار رکھی جائے اور تمام سپرینٹنڈنٹگ انجینئرز اپنے اضلاع اور تمام ایگزیکٹو انجینئرز اپنے ماتحت عملے کے ہمراہ اپنی اپنی ڈویژنوں میں موجود رہیں۔انکا کہنا تھا بارش سے قبل شہر بھر کی تمام اہم شاہراہوں پر مشینری پہنچائی جائے تاکہ شہریوں کو کسی بھی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔انہوں نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ بارش کے پانی کو سیوریج کی پائپ لائنوں میں نکالنے کے لیے مین ہول کے ڈھکن نہ کھولیں کیونکہ اس سے سیوریج کا بہاؤ رک جائے گا ۔
اہم خبریں سے مزید