• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کی پارلیمانی تاریخ کا جائزہ لیں تو اب تک 23 منتخب وزیراعظم گزرے ہیں جس میں سے 10 صوبہ پنجاب سے، 4 سندھ سے، ایک بلوچستان سے جبکہ 5 سابقہ مشرقی پاکستان سے اور تین غیر منقسم برصغیر کے حلقوں سے کامیاب ہوئے تھے۔

پاکستانی جمہوریت کے ابتدائی سالوں میں اکثر مشرقی بنگال سے اور پچھلے 20 سال سے پنجاب سے منتخب ہونے والی شخصیات وزیراعظم کا عہدہ سنبھال رہی ہیں۔

قیام پاکستان کے بعد پہلے وزیراعظم قائد ملت خان لیاقت علی خان تھے جو 14 اگست 1947 سے اپنی شہادت 16 اکتوبر 1951 تک اس عہدے پر فائز رہے۔

وہ مشرقی بنگال سے 46-1945 میں جیت کر مرکزی قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔

پاکستان کے دوسرے وزیراعظم خواجہ ناظم الدین بھی مشرقی بنگال سے منتخب رکن تھے جو 17 اکتوبر 1951 سے 17 اپریل 1953 تک اس عہدے پر رہے۔

تیسرے وزیراعظم محمد علی بوگرہ تھے،  یہ بھی مشرقی بنگال سے منتخب ہو کر دستور ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے، جو 17 اپریل 1953 سے 12 اگست 1955 تک اس عہدے پر فائز رہے۔

چوتھے وزیراعظم چوہدری محمد علی کا تعلق مشرقی پنجاب کے ضلع جالندھر سے تھا، وہ 12 اگست 1955 سے 12 ستمبر 1956 تک اس عہدے پر فائز رہے۔

حسین شہید سہروردی پانچویں وزیراعظم بھی مشرقی بنگال سے منتخب رکن اسمبلی تھے۔ وہ اس عہدے پر 12 ستمبر 1956 سے 12 اکتوبر 1957 تک فائز رہے۔

چھٹے وزیراعظم ابراہیم اسماعیل چندریگر غیر منقسم ہندوستان سے کامیاب رکن اسمبلی تھے۔ جو 17 اکتوبر 1957 سے 11 دسمبر 1957 تک اس عہدے پر رہے۔

ساتویں وزیراعظم سر فیروز خان نون بھی غیر منقسم ہندوستان سے کامیاب رکن اسمبلی تھے۔

آٹھویں وزیراعظم نورالامین تھے، ان کا تعلق بھی مشرقی پاکستان سے تھے۔جو 7 دسمبر 1971 سے 20 دسمبر 1971 تک وزیراعظم رہے۔

ذوالفقار علی بھٹو نویں وزیراعظم تھے، وہ صوبہ سندھ سے الیکشن جیتے تھے، وہ 14 اگست 1973 سے 5 جولائی 1977 تک اس عہدے پر فائز رہے۔   انہوں نے ایک مدت پوری کرنے کے بعد دوسری مدت کےلیے بھی وزیراعظم کا حلف اٹھایا تھا۔

ملک کے دسویں وزیراعظم محمد خان جونیجو بھی سندھ سے منتخب ہوکر وزیراعظم بنے۔ وہ 24 مارچ 1985 سے 29 مئی 1988 تک اس عہدے پر فائز رہے۔

ملک کی پہلی خاتون اور گیارہویں وزیراعظم محترمہ بےنظیر بھٹو بھی سندھ سے جیت کر اس عہدے کےلیے منتخب ہوئی تھیں۔ وہ 2 دسمبر 1988 سے 6 اگست 1990 تک اس عہدے پر فائز رہیں۔

ملک کے بارویں وزیراعظم پاکستان کی تاریخ کے وہ پہلے وزیراعظم تھے جو پنجاب سے الیکشن جیت کر وزیراعظم بنے۔ وہ 6 نومبر 1990 سے 18 جولائی 1993 تک اس عہدے پر فائز رہے۔

ملک کی 13ویں وزیراعظم ایک بار پھر سندھ سے جیتنے والی محترمہ بےنظیر بھٹو بنیں، وہ اس مرتبہ 19 اکتوبر 1993 سے 5 نومبر 1996 تک اس عہدے پر فائز رہیں۔

ملک کے 14ویں وزیراعظم دوسری مرتبہ پھر پنجاب سے جیتنے والے میاں محمد نواز شریف بنے۔ وہ اس مرتبہ 19 فروری 1997 سے 12 اکتوبر 1999 تک اس عہدے پر موجود رہے۔

ملک کے 15ویں وزیراعظم میرظفراللّٰہ خان جمالی بنے، وہ پاکستان کی تاریخ میں بلوچستان سے جیت کر وزیراعظم بننے والے پہلے اور اب تک کے واحد بلوچی وزیراعظم ہیں۔ وہ اس عہدے پر 23 نومبر 2002 سے 26 جون 2004 تک فائز رہے۔

سولہویں وزیراعظم پنجاب سے منتخب چوہدری شجاعت حسین تھے، وہ اس عہدے پر 30 جون 2004 سے 23 اگست 2004 تک فائز رہے۔

ملک کے 17ویں وزیراعظم شوکت عزیز تھے جو پنجاب سے الیکشن جیت کر وزیراعظم بنے۔ وہ اس عہدے پر 28 اگست 2004 سے 15 نومبر 2007 تک فائز رہے۔

اٹھارویں وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی بنے، یہ بھی پنجاب سے الیکشن جیتے تھے وہ اسے عہدے پر 25 مارچ 2008 سے 19 جون 2012 تک فائز رہے۔

ملک کے 19ویں وزیراعظم راجہ پرویز اشرف بھی پنجاب سے الیکشن جیت کر وزیراعظم بنے۔  وہ اس عہدے پر 22 جون 2012 سے 24 مارچ 2013 تک موجود رہے تھے۔

پنجاب سے کامیاب میاں محمد نواز شریف 20ویں وزیراعظم تھے جو 5 جون 2013 سے 28 جولائی 2017 تک یہ خدمات انجام دیتے رہے۔

شاہد خاقان عباسی پنجاب سے منتخب ہوکر 21ویں وزیراعظم تھے جو یکم اگست 2017 سے 31 مئی 2018 تک اس عہدے پر رہے۔

عمران خان جو ملک کے 22ویں وزیراعظم ہیں وہ بھی پنجاب سے منتخب ہوئے اور 18 اگست 2018 سے 10 اپریل 2022 تک اس عہدے پر کام کرتے رہے۔

شہباز شریف ملک کے 23ویں وزیراعظم بھی پنجاب سے جیت کر وزارت عظمیٰ کے منصب پر فائز ہوئے، وہ 11 اپریل 2022 سے 14 اگست 2023 تک اس عہدے پر کام کرتے رہے۔

خاص رپورٹ سے مزید