• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سلطانز نے پہلی رکاوٹ عبور کرلی، پلے آف تک رسائی، کراچی کنگز کو مسلسل تیسری شکست

کراچی(عبدالماجد بھٹی)پاکستان سپر لیگ نائن میں ملتان سلطانزنے پہلی رکاوٹ عبورکرلی۔ ساتویں میچ میں چھٹی کامیابی حاصل کرکے پلے آف تک پہنچنےوالی پہلی ٹیم بن گئی ۔ کراچی کنگز کی خراب کارکردگی کا سلسلہ جاری رہا اسے ہوم گراؤنڈ نیشنل اسٹیڈیم میں مسلسل تیسری اور مجموعی طور پر چھٹے میچ میں چوتھی شکست ہوئی ۔ ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو20رنز سے آؤٹ کلاس کردیا۔ شان مسعود کی قیادت میں کراچی کو پلے آف میں کوالی فائی کرنے کیلئے آخری چار میچوں میں سر دھڑ کی بازی لگانا ہوگی۔ 190 کے جواب میں کراچی کنگز نے سات وکٹ پر169رنز بنائے۔ محمد نواز27 اور میرحمزہ چار رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ اسامہ میر نے29رنز دے کرد و وکٹ حاصل کئے ٹورنامنٹ میں ان کی وکٹوں کی تعداد15ہوگئی۔ اتوار کو کراچی کی اننگز کے ابتدا میں ٹم سیفرٹ رن آؤٹ ہوگئے۔ جیمز ونس سات رنز بناکر کرس جارڈن کی گیند پر کیچ ہوئے۔ شان مسعود ایک بار پھر ناکام رہے۔ انہیں36رنز پر اسامہ میر نے بولڈ کردیا انہوں نے پانچ چوکے مارے۔ شعیب ملک نے28گیندوں پر38رنز بنائے ۔ لوئس ڈپلائے12رنز بناکر محمد رضوان کے ہاتھوں اسامہ میر کی گیند پر کیچ ہوئے۔99رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی تھی۔ عرفان خان نے19گیندوں پر23اور حسن علی نے8گیندوں پر17رنز کی اننگز کھیلی۔ اس سے قبل ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ عثمان خان کی شاندار سنچری کی بدولت کراچی کنگز کو فتح کے لیے 190 رنز کا ہدف دیا ہے۔ ملتان سلطانز نے مقررہ اوورز میں 3 وکٹ پر 189 رنز بنائے۔ لاہور قلندرز کے خلاف96رنز کی اننگز کھیلنے والے اماراتی بیٹر نے جارحانہ سنچری بنائی۔ عثمان نے 59 گیندوں پر 5 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 106 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ گذشتہ سال عثمان خان نے پنڈی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف 36گیندوں پر پی ایس ایل کی تاریخ کی تیز ترین سنچری بنائی تھی۔ سلطانز کو اننگز کی ابتدا میں بڑا نقصان اٹھانا پڑا اور 3 چوکوں کی مدد سے 13 رنز بنانے والے ریزا ہینڈرکس زمبابوے کے بلیسنگ مزربانی کی وکٹ بن گئے۔ اس کے بعد کپتان محمد رضوان اور عثمان خان نے دوسری وکٹ کے لیے 148 رنز کی شراکت بنائی ۔ محمد رضوان نے 44 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 58 رنز کی باری کھیلی ، افتخار احمد صرف 4 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ کراچی کنگز کے بلیسنگ مزربانی نے دو جبکہ حسن علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اسپورٹس سے مزید