• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نہال نسیم کو سر سے پیر تک میری نقل کرتا دیکھ کر خوشی ہوتی ہے: آئمہ بیگ


پاکستان میوزک انڈسٹری کی نامور گلوکارہ آئمہ بیگ نے ابھرتی ہوئی گلوکارہ نہال نسیم کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ نہال مجھ سے متاثر ہے اور میرا انداز کاپی کرنے کی کوشش کرتی ہے۔

حال ہی میں اداکار و میزبان احمد علی بٹ کے پوڈ کاسٹ میں گلوکارہ نے بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے نئے ابھرتے ہوئے گلوکاروں کو سراہا۔

دوران گفتگو انہوں نے ایک سوال کہ ہماری میوزک انڈسٹری میں کون سے گلوکارہ کو وہ اہمیت نہیں دی جاتی جو انہیں دینی چاہیے؟ کا جواب دیتے ہوئے چند نئی ابھرتی ہوئی گلوکاراؤں کے نام لیے جن میں فبیہا، نرملہ اور نہال ہیں۔

انہوں نے اپنی گفتگو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ مجھے نہال کو دیکھ کر اس لیے بھی خوشی ہوتی ہے کہ وہ ناصرف اچھی گلوکارہ ہے بلکہ اسے دیکھ کر مجھے محسوس ہوتا ہے کہ میں نے اپنے کیرئیر میں وہ مقام حاصل کر لیا ہے کہ جو نئے آنے والوں کو متاثر کرے۔

انہوں نے کہا کہ نہال نسیم میری نقل کرتی ہے اور اس لڑکی نے سر سے پیر تک مجھے کاپی کر رکھا ہے۔

آئمہ بیگ نے یہ بھی کہا کہ مجھے اس لڑکی کو دیکھ کر خوشی ہوتی ہے اور میرے لیے یہ اعزاز کی بات بھی ہے کہ کوئی بالکل مجھ جیسا بننا پسند کرتا ہے کیونکہ ناصرف وہ لڑکی میرا گلوکاری کا انداز کاپی کرتی ہے بلکہ لُک بھی اپنا لیا ہے۔

خیال رہے کہ آئمہ بیگ کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب 18 سالہ نہال نسیم اور عاشر وجاہت کے ساتھ کا 22 فروری کو ریلیز ہونے والا گانا ’صدقے‘ ناصرف یوٹیوب کے ٹاپ ٹرینڈ میں شامل ہے بلکہ سانگ اسٹریمنگ پلیٹ فارم ’اسپاٹی فائے‘ پر بھی ٹاپ 50 کی فہرست میں شامل ہوچکا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید