پاکستانی معروف اداکار، گلوکار و سپر ماڈل عمران عباس نے جیو انٹرٹینمنٹ کی بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل ’خدا اور محبت 4‘ میں کام کرنے سے متعلق اپنی رائےکا اظہار کیا ہے۔
عمران عباس ایک مشہور اور خوبصورت پاکستانی اداکار ہیں، اِن کو بہترین پرفارمنس اور لاجواب اداکاری کے لیے سراہا جاتا ہے۔
عمران عباس جیو انٹرٹینمنٹ کی بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل ’خدا اور محبت‘ کے ذریعے شہرت کی بلندیوں پر پہنچے۔
اس کے علاوہ عمران عباس متعدد دیگر سپر ہٹ سیریلز میں بھی نظر آ چکے ہیں جن میں میری ذات ذرہ بے نشان، کوئی چاند رکھ، تم کون پیا، محبت تم سے نفرت ہے، میرا نام یوسف ہے اور تھوڑا سا حق شامل ہے۔
حال ہی میں عمران عباس کو ڈامہ سریل ’تمہارے حسن کے نام‘ میں شاندار اداکاری پر مداحوں کی جانب سے خوب تعریفیں سمیٹنے کو ملی ہیں۔
عمران عباس کی حال ہی میں پنجابی فلم ’جیوے سوہنیا جی‘ بھی ریلیز ہوئی ہے۔
اس فلم کی تشہیر کے سلسلے میں جیو ڈیجیٹل کو دیے گئے انٹرویو کے دوران عمران عباس نے ’خدا اور محبت 4‘ سے متعلق بھی بات کی ہے۔
سوال ’اگر خد اور محبت 4 بنے تو کیا آپ اس میں کام کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں؟‘ کہ جواب میں اداکار کا کہنا تھا کہ میں اس کے بارے میں کیسے فیصلہ کر سکتا ہوں، یہ فیصلہ پروڈیوسر کا ہوگا کہ کسے ڈرامے میں کردار آفر کرنا ہے، اگر خدا اور محبت 4 کی ممکنہ کاسٹ کے بارے میں خبروں پر یقین کیا جائے تو وہ لڑکا جو خدا اور محبت 4 میں کام کرے گا، وہ ایک شاندار بچہ ہے۔
عمران عباس نے مزید کہا کہ وہ بچہ ہمارے پروڈیوسر عبداللّٰہ کادوانی کا بیٹا ہے، میرے خیال میں ہارون کادوانی کو یہ کردار ادا کرنا چاہیے۔
عمران عباس کا انٹرویو کے دوران کہنا تھا کہ ہارون کادوانی یا فیروز خان، دونوں میں سے کوئی بھی یہ کردار ادا کرے گا تو مجھے بہت خوشی ہوگی، ہارون کادوانی اچھا اداکار ہے، فیروز خان بھی بہت اچھا اور بہت محنتی اداکار ہے۔