وزیراعظم شہباز شریف کی نئی وفاقی کابینہ کی تشکیل پر مشاورت مکمل کرلی گئی۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ میں ن لیگی سینیٹر اسحاق ڈار کو وزیر خارجہ اور طارق فاطمی کو معاون خصوصی برائے خارجہ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف کی کابینہ میں محمد اورنگزیب کو خزانہ اور سابق نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو وزارت داخلہ کا قلم دان دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق نئی کابینہ میں سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کو وزیر قانون، عطا اللّٰہ تارڑ کو وزیر اطلاعات اور خواجہ محمد آصف کو وزیر دفاع بنایا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ میں ن لیگی سینیٹر مصدق ملک کو پیٹرولیم، شزا فاطمہ کو انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کا وفاقی وزیر بنایا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق نئی کابینہ میں جام کمال، چوہدری سالک، عبدالعلیم خان اور امیر مقام کو بطور وفاقی وزیر شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف کی کابینہ میں احد چیمہ کو مشیر برائے اسٹیبلشمنٹ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کو بھی وفاقی کابینہ میں 2 وزارتیں دی جائیں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ کا آج رات تک اعلان متوقع ہے جبکہ امکان ہے کہ نئی وفاقی کابینہ 11 مارچ کو حلف لے گی۔