بھارتی پنجاب سے تعلق رکھنے والے آنجہانی پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے والد نے اپنی اہلیہ کے امید سے ہونے کے حوالے سے خبروں پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سدھو موسے والا کے خاندان کے ذرائع نے انکی والدہ چرن کور سنگھ کے آئی وی ایف (In vitro fertilisation) کے ذریعے ٹریٹمنٹ کے تحت انکے امید سے ہونے اور مارچ میں بچے کی ولادت کی تصدیق کی۔
یاد رہے کہ 28 سالہ سدھو موسے والا 29 مئی 2022 کو بھارتی پنجاب میں ایک گروپ نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا۔
سدھو موسے والا کے والد بلکور سنگھ نے اس حوالے سے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہم سدھو کے بہی خواہوں کے مشکور ہیں کہ وہ ہمارے خاندان کے لیے محبت و ہمدردی رکھتے ہیں۔
انہوں نے درخواست کی کہ انکے خاندان کے بارے میں بہت سی افواہیں زیر گردش ہیں، تاہم اگر کوئی بھی اطلاع ہوئی تو ہم پنجابی فیس بک میں اسے شیئر کریں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل مقتول گلوکار کے خاندان کے قریبی ذریعے نے بھارتی میڈیا کو بتایا تھا کہ سدھو کی والدہ امید سے ہیں اور بچے کی پیدائش جلد متوقع ہے۔
جبکہ سدھو کے والدین کی جانب سے اس سلسلے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق موسے والا کی والدہ 58 برس اور والد 60 برس کے ہیں۔