• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر: بجلی کی طویل بندش کے خلاف تاجروں کا احتجاجی مظاہرہ

سکھر(بیور ورپورٹ) سیپکو کے بڑھتے ہوئے مظالم، بجلی کی طویل بندش نے تاجروں کو سخت گرمی، تپتی دھوپ میں سڑکوں پر آنے پر مجبور کردیا، سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی جاوید میمن کی قیادت میں واریتڑ روڈ پر سیپکو کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، ٹائر جلا کر سیپکو افسران کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔سیپکو نے قبلہ درست نہ کیا تو عید کے بعد تاجر بھرپور احتجاجی تحریک چلائیں گے اور شٹرڈاؤن ہڑتال کریں گے۔مظاہرے میں انجمن تاجران واریتڑ روڈ کے صدر حاجی پرویز علی چنہ ، طارق میرانی، عباس کھوکھر، محمد طفیل سمیت تاجروں، دکانداروں اور علاقہ مکینوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن نے کہا کہ سیپکو کے افسران و اہلکاروں نے شہربھرمیں اپنی کرپشن اور نااہلی کو چھپانے کیلئے صارفین کے ساتھ مظالم کی انتہا کردی ہے، رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں شدید گرمی کے باوجود پورا پورا دن بجلی کی بندش کر کے کاروباری سرگرمیوں کو مفلوج کردیا ہے جبکہ بجلی کی طویل بندش کی وجہ سے روزہ داروں، ضعیف العمر افراد، خواتین اور بچوں کو اذیت ناک صورتحال سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے، عید الفطر کی آمد ہے لیکن سیپکو کی جانب سے بجلی کی طویل بندش نے تجارتی سرگرمیوں کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے، سیپکو کی جانب سے جان بوجھ کر بجلی کی لوڈشیڈنگ کر کے صارفین کو تنگ و پریشان کیا جا رہا ہے۔مظاہرین نے وفاقی وزیر پانی و بجلی اور سیپکو کے بالا حکام سے مطالبہ کیا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں پورا پورا دن بجلی کی لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیکر نااہل افسران و اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اورغیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کر کے صارفین کو بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے، بصورت دیگر سکھر اسمال ٹریڈرز کی جانب سے چلائی جانیوالی احتجاجی تحریک کی تمام تر ذمہ داری سیپکو پر عائد ہوگی۔
تازہ ترین