پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان جوہری توانائی پیدا کرنے کا وسیع تجربہ رکھتا ہے اور ہم دنیا کے ساتھ اپنے ان تجربات کو بانٹنے کیلئے تیار ہیں۔
وہ یہاں برسلز میں منعقد ہونے والی پہلی جوہری توانائی سمٹ میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے بات کر رہے تھے۔
انہوں نےکہاکہ میں یقین رکھتا ہوں کہ ترقی پذیر ممالک کو بھی نیوکلیئر توانائی حاصل کرنے کا حق حاصل ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ ملٹی لیٹرل سرمایہ کار ادارے آگے آئیں اور زیادہ شدت کے ساتھ جوہری توانائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کریں۔
واضح رہے کہ پہلی نیوکلیئر انرجی سمٹ آج سے یورپین دارالحکومت برسلز میں شروع ہورہی ہے۔
برسلز پہنچنے پر یورپین یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستانی سفیر آمنہ بلوچ نے اسحاق ڈار کا استقبال کیا۔
اس سمٹ میں نیوکلیئر انرجی کو صاف توانائی کے منصوبوں میں استعمال پر بات چیت ہوگی جبکہ ایٹمی توانائی کو پائیدار ترقی کو آگے بڑھانے میں مدد دینے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اس دوران وزیر خارجہ اجلاس میں شریک دگر ممالک کے راہنماؤں اور وزرائے خارجہ سے بھی ملاقات کریں گے۔