کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان بار کونسل کے رکن منیر احمد کاکڑ ایڈووکیٹ نے کہا ہےکہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 ججز کے خط نے آزاد عدلیہ پر مزید سوالات اٹھا دیئے ہیں۔جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے کیس کو جلد منطقی انجام تک پہنچایا جاتا تو آج صورتحال مختلف ہوتی آج ایک بار پھر گیند جسٹس قاضی فائز عیسی کی کورٹ میں ہے کہ وہ اپنے الفاظ کے ساتھ اب عملی کردار سے ثابت کریں کہ وہ آئین کے رکھوالے ہیں۔ اپنےردعمل میں منیر احمد خان کاکڑ ایڈووکیٹ نے کہاکہ پاکستان کی بار باڈیز نے ہر آمر چاہے وہ جمہوریت کے لبادے میں ہی کیوں نہ ہو کے خلاف صف اول کا کردار ادا کرتے ہوئے آواز بلند کی ہے آج ایک بار ہمارا موقف سچ ثابت ہو رہا ہے ہم نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی کےلیے بھی آواز بلند کی تھی اور آج ایک بار واضح کرتے ہیں کہ اگر جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے کیس میں بروقت اقدامات اٹھائے جاتے تو آج عدلیہ کا کردار صاف ہوتا ۔