کوئٹہ(پ ر)پاکستان مسلم لیگ (ن) ضلع کوئٹہ کے ترجمان نے بیان میں اسلام آباد میں شرپسندوں کے حملے میںپولیس اور رینجرز اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلح جتھوں کی جانب سے قانون کو ہاتھ میں لیکرپولیس اور رینجرز اہلکاروں پر تشدد کے واقعات قابل مذمت ہیں، آج واضح ہوگیا کہ پی ٹی آئی کوئی سیاسی جماعت نہیں بلکہ مسلح جتھوں کا ٹولہ ہے، احتجاج کی آڑ میں اس کے عزائم قوم کے سامنے آچکے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ قانون کی بالا دستی سے کوئی چیز مقدم نہیں، ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی ضروری ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ بیلاروس کے صدر کے دورہ پاکستان کے موقع پر پی ٹی آئی کا احتجاج ثابت کرتا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نہیں چاہتے کہ پاکستان ترقی کرے ، بلندیوں کو چھوتی اسٹاک ایکسچینج ان کو ہضم نہیں ہورہی، وزیراعلیٰ کے پی کے جنہیں اپنے صوبے اور وہاں امن وامان کی مخدوش صورتحال پر توجہ دینے کی ضرورت ہے سرکاری وسائل کے ساتھ اسلام آباد پر حملہ آور ہیں، وفاقی حکومت فوری طور پر امین اللہ گنڈا پور کے خلاف کارروائی کرے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی جتنی مرضی سازشیں کرلے لیکن پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا ترقی وخوشحالی کا وژن جاری رہے گا۔