کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)جمعیت علمائے اسلام کے رہنماء حلقہ پی بی 36 قلات سے نامزد امیدوار سردار زادہ سعید احمد لانگو نے کہا ہے کہ سابق صوبائی وزیر کو ڈی نوٹیفائی ہونے کے باوجود گزشتہ 3 ماہ سے تنخواہ و مراعات دی جارہی ہیں اس کا نوٹس لے کر کارروائی کی جائے،یہ بات انہوں نے منگل کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر میر عبداللہ لانگو ، طاہر لہڑی ، سردار زادہ میر نعمان لانگو سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ 8 فروری کے انتخابات میں منظم طریقے سے دھاندلی کرکے میرئے مخالف امیدوار کو جتایا گیا جس کے خلاف ہائیکورٹ ، الیکشن ٹریبونل اور سپریم کورٹ سے مذکورہ دھاندلی کے خلاف رجوع کیا اور کامیابی حاصل کی اور21 اگست کو سابق وزیرداخلہ کو ڈی نوٹیفائی کردیا گیا اس کے باوجود گزشتہ 3 ماہ سے وہ تنخواہوں ، مراعات اور پروٹوکول سے مستفید ہورہے ہیں جو آئین اور قانون کے خلاف اقدام ہے اس سلسلے میں باقاعدہ درخواست الیکشن کمیشن اور عدالت میں بھی پٹیشن دائر کریں گے۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ حلقے کے 7 پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے الیکشن کمیشن نے پہلے 23 نومبر کی تاریخ کا اعلان کیا پھر انتظامیہ اور حکومت کی مداخلت پر تاریخ تبدیل کرکے 7 پولنگ اسٹیشن پر یکم دسمبر کو ری پولنگ کا اعلان کیا گیا حکومت اور انتظامیہ امن و امان کو بہانہ بناکر سابق وزیر داخلہ کو فائدہ پہنچانے کیلئے پولنگ اسٹیشنز کو منتقل کرنے کی کوشش کررہی ہے جس کے لئے 7 پولنگ اسٹیشنز کو متنازعہ بنایا جارہا ہے، آل پارٹیز کمیٹی میں شامل پارٹیوں نے مذکورہ پولنگ اسٹیشنز کو قلات اور منگچر میں رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سابق وزیر داخلہ کو کامیاب کرانے کیلئے تمام تر حکومتی مشینری ان کیلئے استعمال کیا جارہا ہے لیکن ہم بتانا چاہتے ہیں کہ عوام کسی صورت مینڈیٹ چوری نہیں ہونے دینگے یکم دسمبر کو کامیابی حلقہ کے عوام کی ہوگی ۔