کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ کی مشیر محکمہ ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے کہا ہے کہ خواتین کو اپنے فیصلے خود کرنے کا اختیار ہو اور وہ مالی طور پر خود مختار ہوں یہی اصل وومن امپاورمنٹ ہے یہ بات انہوں نے منگل کو وومن میڈیا سینٹر کے زیراہتمام نیشنل اینڈومنٹ فار ڈیموکریسی کے اشتراک سے صنفی مساوات اور خواتین پر تشدد کے موضوع پر پانچ روزہ تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہی،پروگرام کا مقصد خواتین صحافیوں اور طالبات کو عملی تربیت فراہم کرنا ہے ،پہلے سیشن میں بطور مہمان خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے کہا کہ وومن امپاورمنٹ کا سنتے ہی مارچ والی منفی سوچ آتی ہے ،سڑکوں پر ناچ گاکر مادرپدر آزادی کا مطالبہ کرنا وومن امپاورمنٹ نہیں، مرد و خواتین دونوں مل کر خواتین کے حقوق کا تحفظ کریں ۔ قبل ازیں وومن میڈیا سینٹر کی بانی اور سی ای او سینئر صحافی فوزیہ شاہین نے مہمانوں اور شرکاء کو خوش آمدید کہا ۔ورکشاپ کے پہلے سیشن میں طالبات اور خواتین صحافیوں نے بڑی تعداد میں حصہ لیا تربیتی ورکشاپ 30 نومبر تک جاری رہے گی۔