• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

KP اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر کامیاب خواتین ارکان سے حلف لینے کا حکم

پشاور(نمائندہ جنگ) پشاورہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے اسپیکر صوبائی اسمبلی کو مخصوص نشستوں پر نومنتخب ارکان صوبائی اسمبلی سے حلف لینے کی ہدایت کردی اور انہیں حکم دیا ہے کہ وہ درخواست گزاروں کو 2 اپریل کو ہونے والے سینٹ الیکشن میں ووٹ ڈالنے کی اجازت کے ساتھ ساتھ اسے اس عمل میں سہولت فراہم کرے کیونکہ حلف لینا ایک آئینی تقاضا ہے اور اس کو پورا کرکے درخواست گزاروں کو بحیثیت ممبر رجسٹرڈ بھی کیا جائے۔دو صفحات پر مشتمل مختصر فیصلہ جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے تحریر کیا ہے۔عدالت نے قرار دیا کہ تمام رٹ درخواستیں منظور کی جاتی ہیں۔ گزشتہ روز کیس کی سماعت شروع ہوئی تو جسٹس شکیل احمد نے ریمارکس دیئے ہیں کہ ہمارا المیہ یہ ہےکہ جب ایک سیاسی جماعت حکومت میں ہوتی ہے تو انکا رویہ الگ ہوتا ہے اور جب اپوزیشن میں بیٹھ جاتی تو مختلف انداز اختیار کرلیتی ہے قومی اسمبلی میں ایک جماعت اور صوبائی اسمبلی میں دوسری جماعت ایک دوسرے کے خلاف واویلا کرتی ہے آپ لوگوں کو آئین سے کھلواڑ نہیں, آئین کی پاسداری کرنی چاہیئے جبکہ جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے کہا کہ ہمارے ملک میں صدیوں سے آئین کے ساتھ مذاق کیا جاتا ہے۔
اہم خبریں سے مزید