• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلسطینی کاز کی حمایت میں کبھی نہیں ہچکچائیں گے، خامنہ ای، حماس سربراہ سے ملاقات

کراچی (نیوز ڈیسک) ایران کےسپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا ہے کہ ایران فلسطینی کاز کی حمایت میں کبھی نہیں ہچکچائے گا، ایرانی صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ ایران کو فلسطینی کاز کی حمایت پر فخر ہے ،دونوں رہنماؤں نے ان خیالات کا اظہار حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ سے تہران میں علیحدہ علیحدہ ملاقاتوں کے دوران کیا ۔ اس موقع پر اسماعیل ہنیہ نے غزہ کے مظلوم عوام کی حمایت کرنے پر اسلامی جمہوریہ ایران اور ایرانی قوم کا شکریہ ادا کیا۔ خامنہ ای نے جارح اسرائیل کیخلاف زبردست مزاحمت پر حماس اور دیگر فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کو خراج تحسین پیش کیا ۔ ایرانی صدر رئیسی کا کہنا تھا کہ اسرائیلی جارحیت کیخلاف فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کی حمایت جاری رکھیں گے۔ صدر رئیسی نے کہا کہ غزہ کے مظلوم عوام کی زبردست مزاحمت کے باعث مسئلہ فلسطین عالم انسانیت کا مسئلہ بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا جرائم پیشہ صیہونی حکومت اور اس کے حامی امریکا سے شدید نفرت کرتی ہے۔ایرانی صدر نے مزید کہا کہ جو چیز آج دنیا کے تمام لوگوں کے لئے ثابت ہوئی ہے وہ مسئلہ فلسطین کی قانونی حیثیت ہے، جب کہ جعلی اور قاتل صیہونی حکومت خطے میں تمام تربد امنی کی جڑ اور استحکام کی دشمن ہے۔
اہم خبریں سے مزید