• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دوران ڈکیتی ممانی کا قتل قابل مذمت ہے، عمر توحیدی

برمنگھم/ اولڈہم (پ ر) پاسبان صحابہ برطانیہ کے چیئرمین محمد عمر توحیدی نے اپنے ماموں زاہد خان کے گھر محلہ اشاعت القرآن حضرو شہر پاکستان میں گذشتہ شام ہونے والی ڈکیتی اور اس میں ان کی اہلیہ ام احسن کے سفاکانہ قتل پر اپنے گہرے صدمے اورغم کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ یہ ہمارے گھرانے بلکہ پوری برادری کیلئے تکلیف کا وقت ہے،سفاک قاتلوں نے بے رحمی سے معمولی رقم کی خاطر ہماری ممانی کی جان لے کر ہمیں ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ۔اپنے آبائی شہر حضرو کے صحافیوں سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے سرشام افطاری کے وقت ہونے والے اس وقوعے پر انہوں نے پولیس کی ناقص کارکردگی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ یہ فورس جرائم کے انسداد اور شرپسند عناصر کی روک تھام میں مکمل طور ناکام ہے اس کا جہاد ہیلمٹ نہ لینے پر چالان اور ون ویلنگ کرنے والے لڑکوں کو پکڑنے تک محدود ہو چکا ہے،ان کی طرف سے گشت اور پٹرولنگ کا کوئی بندوبست نہیں جس سے ان مجرموں نے فائدہ اٹھایا ہے۔ علاوہ ازیں جمعیت علما برطانیہ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولانا ضیا المحسن طیب نے پاسبان صحابہ برطانیہ کے سربراہ محمد عمر توحیدی کے ماموں زاہد خان کے گھر ڈکیتی اور ان کی ممانی کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ انھوں نے عمر توحیدی اور ان کے خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ۔جے یو آئی برطانیہ کے سیکرٹری جنرل سید قاری حسین احمد مدنی نے بھی پاسبان برطانیہ کے چیئرمین محمدعمر توحیدی سےگہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالٰی نے رمضان المبارک کے مقدس ماہ میں عمر توحیدی کی ممانی کی شہادت کو قبول کیا۔ اس گھڑی میں ہم غم زدہ خاندان کیلئے صبر و استقامت کی دعا کرتے ہیں اور ڈی پی او اٹک سے مطالبہ کرتے ہیں کہ قاتلوں کو فوری گرفتار کرکے کٹہرے میں لایا جائے۔ قاری حسین احمد مدنی نے مزید کہاکہ جے یو آئی برطانیہ اس لرزہ خیز واردات کو دہشت گردی سمجھتی ہےجس سے پورے چھچھ میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہواہے۔ غم کی اس گھڑی میں جمیعت علمائے اسلام برطانیہ زاہد خان کےشانہ بشانہ کھڑی ہے۔
یورپ سے سے مزید