کراچی (سید محمد عسکری ) سندھ میں جہاں ایک جانب ہزاروں پرائمری اسکول ٹیچرز بھرتی کیے جانے کی تیاری ہورہی ہے وہیں ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کراچی کی جانب سے جمعرات 28 مارچ کو سرکولر جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق کراچی ریجن سے تعلق رکھنے والے پرائمری اسکول ٹیچرز (پی ایس ٹی) اور اور سندھی لینگویج ٹیچرز( ایس ایل ٹی) کو پیشکش کی گئی ہے کہ وہ اپنی مدمت ملازمت کے25سال مکمل ہونے پر اپنی خواہش کے مطابق رضاکارانہ ریٹائرمنٹ لے سکتے ہیں۔ مراسلے میں پرائمری ایجوکیشن کے تمام تعلقہ افسران اور ڈی ڈی او کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ اس سلسلے میں ملازمت کے 25 سال پورے کرکے سبکدوشی کے خواہشمند اساتذہ کو ہدایت کریں کہ وہ ویری فکیشن کیلئے ذاتی حیثیت میں ڈائریکٹر پرائمری کے سامنے پیش ہوں اور انڈر ٹیکنگ کی تصدیق کرائیں۔ افسران کو یہ بات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے کہ ریٹائرمنٹ سرٹیفکیٹ صرف ان اساتذہ کو جاری کیے جائیں جن کے نام ڈیوٹی سے فرار یا عادی غیرحاضر ٹیچرز کی فہرست میں شامل نہیں ہیں۔