• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی وزیر مملکت بلال اظہر کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد کا دورہ عرب امارات

اسلام آباد (صالح ظافر) حکمرانی کے شعبے میں ایک دوسرے کے تجربات کے تبادلے اور اس موضوع پر بات چیت کے سلسلے میں، وفاقی وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطح کا وفد متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے ایک ہفتے کے دورے پر ہے۔ وفد نے ڈپٹی وزیر برائے کابینہ امور، مسابقت اور تجربات کے تبادلے، عبداللہ ناصر لوطاہ سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات دبئی میں ہوئی جہاں متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے بھی بات چیت میں حصہ لیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کو مشاورت کی قیادت کے لیے نامزد کیا ہے۔ بلال کیانی وزیراعظم کے ڈیلیوری یونٹ کے سربراہ بھی ہیں۔ وفد آج (منگل) سے ایک بھرپور دو روزہ تجربات کے تبادلے کے پروگرام میں حصہ لے رہا ہے۔ اس موقع پر سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات حکومتی اور عوامی خدمات میں جدت کے شعبے میں تجربات کے تبادلے کے ذریعے اپنے تعاون کو مزید گہرا کریں گے۔ ملاقات کے دوران، سفیر ترمذی نے لوطاہ کا تعمیری بات چیت کا موقع فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات پر زور دیا۔
اہم خبریں سے مزید