• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک امریکا شراکت داری دنیا کی سلامتی کیلئے اہم ہے، بائیڈن کا شہباز کو خط

اسلام آباد(اے پی پی/جنگ نیوز)امریکی صدر جو بائیڈن نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط ارسال کیا ہے جس میں شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر نومنتخب حکومت کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ واضح رہے کہ حالیہ برسوں میں کسی بھی پاکستانی سربراہ مملکت سے امریکی صدر کا یہ پہلا باضابطہ رابطہ ہے ‘ عمران خان کو اپنی وزارت عظمیٰ کے دوران کسی امریکی صدرکا فون آیا نہ خط ملا ۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق امریکی صدر نے خط میں کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان شراکت داری دنیا اور ہمارے عوام کی سلامتی یقینی بنانے میں نہایت اہم ہے ، دنیا اور خطے کو درپیش وقت کے اہم ترین چیلنجز کا سامنا کرنے میں امریکا پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ امریکی صدر نے کہا کہ صحت عامہ کا تحفظ، معاشی ترقی اور سب کے لئے تعلیم مشترکہ وژن ہے جسے مل کر فروغ دیتے رہیں گے ، امریکا پاکستان گرین الائنس فریم ورک سے ماحولیاتی بہتری کے لئے ہم اپنے اتحاد کو مزید مضبوط کریں گے۔ امریکی صدر نے کہا کہ پائیدار زرعی ترقی، آبی انتظام اور 2022 کے سیلاب کے تباہ کن اثرات سے بحالی میں پاکستان کی معاونت جاری رکھیں گے، پاکستان کے ساتھ مل کرانسانی حقوق کے تحفظ اور ترقی کے فروغ کے لئے پرعزم ہیں، دونوں اقوام کے درمیان استوارمضبوط پارٹنرشپ کو تقویت دیں گے ۔ امریکی صدر نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان استوار قریبی رشتے مزید مضبوط بنائیں گے۔

اہم خبریں سے مزید