کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی میں پولیس بھی ڈاکو بن گئی ، پولیس اہلکاروں کی جانب سےپرانے کپڑوں کے تاجر کومختصر دورانیہ کے لئے اغواء کرکے اس کے اہل خانہ سے2لاکھ روپے تاوان وصول کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ سکھن تھانے کی حدود لیبر اسکوائر پرمبینہ طورپر پولیس اہلکاروں نے خود کو حساس ادارے کا اہلکار ظاہر کرکےپرانے کپڑے کے تاجر کو اغواء کیا،واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہےپولیس اہلکار مغوی تاجر کو رات بھر پولیس موبائل میں گھوماتے رہے اور گھر والوں سے تاوان وصول کیا گیا ،ذرائع کے مطابق پولیس ہلکاروں نے مغوی تاجر کے اہل خانہ سےموبائل فون کے ذریعہ رقم وصول کی ،گھر والوں سے دو لاکھ روپے لے کر مغوی تاجر کوجناح اسپتال کے گیٹ پر چھوڑ دیا ،ہیڈ محرر تھانہ سکھن ساجد کاکہنا ہےکہ مغوی تاجر عثمان کو فون کرکے تھانے بلایا تھا تاہم اس نے بتایا ہےکہ اغواء کار پولیس اہلکاروں نے اس کی رقم واپس کرلی ہے انہیں کسی قسم کی کوئی کارروائی نہیں کرانی ہے۔ واضح رہے کہ شہر میں ایک طرف شہری ڈاکوؤں کے ہاتھوں لٹ رہے ہیں اور دوسری طرف پولیس ڈاکوؤں کو پکڑنے کے بجائے خود شہریوں کے اغواء میں ملوث ہیں ،پولیس کی جانب سےشارٹ ٹرم اغواء برائے تاوان کے ماضی میں متعدد واقعات رپورٹ ہوچکے ہیں تاہم ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف کو ئی خاطر خواہ اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے یہ سلسلہ تاحال جاری ہے۔