کراچی (نیوز ڈیسک) چین نے اپنے شہریوں کو غیر ضروری طور پر امریکا کا سفر کرنے پر خبردار کیا ہے کہ ایسے چائنیز افراد جو امریکا جانا چاہتے ہیں انہیں غیر ضروری تفتیش اور ہراسگی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ سائوتھ چائنا مارننگ پوسٹ کی رپورٹ میں وزارت خارجہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کئی چائنیز طلباء اور کمپنیوں کے ملازمین کو امریکی ہوائی اڈوں پر ناروا سلوک کا نشانہ بنایا گیا، ان کے فون، کمپیوٹر اور دیگر سامان کی تلاشی لی گئی اور کئی چائنیز لوگوں کے امریکا میں داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکا میں چائنیز سفارت خانے اور قونصل خانوں نے باضابطہ طور پر امریکا کو اس ضمن میں شکایت درج کرائی ہے۔