کوئٹہ (آن لائن)جمعیت علماء اسلام پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا مفتی محمد روزی خان نے جمعیت ضلع کوئٹہ کے سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، جنرل سیکرٹری حاجی بشیر احمد کاکڑ، نائب امیر مولانا محمد ایوب، ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا حافظ محمد مسعود احمد سیکرٹری اطلاعات عبدالغنی شہزاد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تجربات کا تختہ مشق بنانے سے کمزور ہوا ، بدقسمتی سے عوام کو سبز باغ دکھا کر بعض سیاسی جماعتوں نے اقتدار تک رسائی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں نے قائد جمعیت کے مشوروں اور تجاویز پر عمل نہ کرکے ملک کو معاشی اور سیاسی طور پر غیر مستحکم کردیا۔ جمعیت نے 2018کے الیکشن کی طرح 2024کے الیکشن کو مسترد کردیا ہے کیونکہ عوامی مینڈیٹ کا احترام نہیں کیا گیا ، جب تک آزادانہ صاف اور شفاف انتخابات کا انعقاد نہیں کیا جاتا اس وقت تک ملک کے مسائل کا حل ممکن نہیں ۔انہوں نے کہا کہ جعل سازی کی بنیاد پر قائم حکومت کی عمر انتہائی کم ہے ، کیونکہ سودابازی اور جعل سازی کے ذریعے ریاستیں نہیں چلتیں۔