• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

11 سال کی عمر میں والدین سے تعلق ٹوٹ گیا تھا، دلجیت سنگھ دوسانجھ کا انکشاف

بھارتی گلوکار اور نغمہ نگار دلجیت دوسانجھ---فائل فوٹو
بھارتی گلوکار اور نغمہ نگار دلجیت دوسانجھ---فائل فوٹو 

بھارتی پنجاب سے تعلق رکھنے والے بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکار دلجیت سنگھ دوسانجھ نے انکشاف کیا ہے کہ 11 سال کی عمر میں ہی اُن کی اپنے والدین سے علیحدگی ہو گئی تھی۔

یاد رہے کہ دلجیت سنگھ دوسانجھ ناصرف بھارت بلکہ دیگر ملکوں میں بھی خوب سنے اور پسند کیے جاتے ہیں، دلجیت کا ہر آنے والا نیا گانا شائقین کے لیے ایک تحفہ ہوتا ہے جسے سُن سُن کر اُن کے مداح ٹرینڈ بنا دیتے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حال ہی میں دلجیت سنگھ دوسانجھ نے پوڈ کاسٹ ’رنویر الہٰ آبادیا‘ میں انٹرویو کے دوران اپنی نجی زندگی سے متعلق پہلی بار کھل کر بات کی اور حیران کن انکشافات کیے ہیں۔

اس پوڈ کاسٹ میں مشہور گلوکار نے اپنے والدین سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ اپنے والدین سے خفا تھے کہ اُن کے والدین نے بغیر مرضی جانے اُنہیں دوسرے شہر بھیج دیا۔‘

دلجیت نے بتایا کہ ’وہ 11 سال کے تھے جب انہوں نے اپنا گھر چھوڑا اور اپنے ماما جی کے ساتھ رہنے لگے، وہ اپنے گاؤں کو چھوڑ کر شہر لدھیانا آ گئے تھے۔‘

گلوکار نے انکشاف کیا کہ  ’میرے ماما جی نے میرے والدین سے پوچھا تھا کہ کیا وہ مجھے اپنے ساتھ اپنے شہر لے جائیں؟ جس پر میرے والدین نے مجھ سے پوچھے بغیر ہی ہاں کردی تھی۔‘

دلجیت سنگھ دوسانجھ کا کہنا تھا کہ ’میں اپنے چھوٹے سے کمرے میں اکیلا رہتا تھا، اسکول آتا جاتا تھا، ماما جی کے گھر ٹی وی بھی نہیں تھا اور میرے پاس بہت وقت ہوتا تھا، اس لیے میں اپنی فیملی سے دور ہوتا چلا گیا۔‘

انٹرویو کے دوران دلجیت نے اپنے والدین کے اس سخت فیصلے پر ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’میرے والدین نے میری بھلائی ہی سوچی ہوگی، میں اپنی والدہ کی بہت عزت کرتا ہوں اور میرے والد بھی بہت اچھے انسان ہیں، وہ مجھ سے کچھ نہیں پوچھتے تھے، اُنہوں نے یہ بھی پوچھا تک نہیں کہ میں کس اسکول میں پڑھ رہا ہوں، میرا تعلق صرف ان سے نہیں بلکہ سب سے ہی ٹوٹ چکا ہے۔‘

انٹرٹینمنٹ سے مزید