• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیا آلو صحت مند غذا کا حصہ بن سکتے ہیں؟

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

زمین کے اندر اگنے والی جڑوں پر مبنی سبزیوں سے متعلق ہمیشہ سے ہی یہ مشہور رہا ہے کہ یہ خون میں شکر کے اضافے اور پوٹاپے کا سبب بنتی ہیں مگر آلو کو اس کیٹگری میں رکھنا اپنی ہی صحت کے ساتھ زیادتی ہوگی۔

محققین نے انکشاف کیا ہے کہ آلو غذائیت سے بھرپور ایک سبزی ہے جس کے استعمال سے صحت پر بے شمار فائدے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ آلوؤں سے متعلق غلط فہمی پائی جاتی ہے کہ ان میں غذائیت نہیں  بلکہ صرف اسٹارچ یعنی کہ مٹھاس پائی جاتی ہے جو کہ صرف موٹاپے کا سبب بنتا ہے، ایسے مفروضے ڈائیٹنگ کرنے والے افراد کو ڈرا دیتے ہیں اور وہ آلوؤں کو اپنی غذا سے نکا ل دیتے ہیں، حالانکہ حقیقت اس کے بر عکس ہے۔

غذائی ماہرین کے مطابق آلوؤں کی 173 گرام مقدار میں کیلوریز 161 جبکہ وٹامن بی 6، پوٹاشیم، کاپر، وٹامن سی، مینگنیز، فاسفورس، فائبر اور وٹامن بی 3 کی بھی وافر مقدار پائی جاتی ہے۔

 آلو کھانا چھوڑ دینے سے یہ کہیں ثابت نہیں ہوتا اب وزن کم کرنے کا خواہشمند فرد پتلا دبلا اور اسمارٹ ہو جائے گا۔

آلو نہ کھانے کی صورت میں اس بات کی دلیل نہیں دی جا سکتی کہ اب موٹاپا نہیں آئے گا یا صرف آلو ہی موٹاپے کا سبب بنتے ہیں۔

ماہرین فٹنس کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر سخت ورزشیں کرنے والے افراد کو ابلے ہوئے آلو کھانا تجویز کیا جاتا ہے، اس سے ثابت ہوتا ہے کہ آلو ایک صحت بخش غذا ہے ناکہ مضرِ صحت۔

غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ ہر غذا اعتدال میں صحت بخش اور ضرورت سے زیادہ کھانے پر مضر صحت ثابت ہوتی ہے، اسی طرح آلو بھی صحت میں اضافے اور کئی شکایات کے خاتمے کے لیے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔

غذائی ماہرین کے مطابق آلو میں ایک منفرد ایسڈ پایا جاتا ہے جو کہ دماغی صحت کو بہتر بناتا ہے، الزائمر کے مرض میں مبتلا افراد کو آلوؤں کا استعمال زیادہ سے زیادہ کرنا چاہیے۔

آلوؤں میں موجود پوٹاشیم پٹھوں کو آرام پہنچاتا ہے اور ورزش سے یا تھکن سے متاثر ہونے والے پٹھوں کی مرمت کرتا ہے، آلو کیلشیم پائے جانے کے سبب ہڈیوں کو مضبوط بناتے ہیں۔

غذائی ماہرین کے مطابق جہاں آلو میں کاربوہائیڈریٹس پائے جاتے ہیں وہیں اس میں فائبر بھی موجود ہوتا ہے جو کہ نظام ہاضمہ کی کارکردگی کو بہتر بناتا ہے۔

آلو کا استعمال بلڈ پریشر کو متوازن بناتا ہے، بطور سلاد، آلوؤں کو بیک کر کے یا ابال کر بھی کھایا جا سکتا ہے۔

صحت سے مزید