• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک بھر میں کہاں کہاں نماز عید ادا کی گئی؟

ملک بھر میں آج عیدالفطر مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جارہی ہے: فائل فوٹو
ملک بھر میں آج عیدالفطر مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جارہی ہے: فائل فوٹو 

آج ملک بھر میں عیدالفطر مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جارہی ہے۔ 

ملک بھر میں اپنے اپنے مقامی وقت کے مطابق شہری نماز کی ادائیگی اور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے دعاؤں میں مصروف ہیں۔

شہرِ قائد کراچی کے  مختلف علاقوں میں نماز عید کی ادائیگی:

امیرِ جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے نمازِ عید مسجد ابراہیم نارتھ ناظم آباد بلاک اے میں ادا کی۔

کراچی کے پولو گراؤنڈ میں نماز عید الفطر قاری محمد سلیمی کی امامت میں ادا کی گئی۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری، مئیر کراچی مرتضیٰ وہاب و دیگر نے پولو گراؤنڈ میں عید کی نماز ادا کی۔

یو اے ای کے قونصل جنرل بھی نماز کی ادائیگی کے لیے پولو گراؤنڈ پہنچے۔

اس دوران پولوگراؤنڈ اور اطراف میں سیکیورٹی الرٹ رہی۔

کراچی کے علاقے سبیل والی مسجد گرومندر میں بھی نمازِ عید ادا کی گئی۔

آرٹلری میدان تھانے کے ایس ایچ او کا عید الفطر پر منفرد انداز:

دوسری جانب آرٹلری میدان تھانے کے ایس ایچ او نے عید الفطر پر منفرد انداز اپنایا۔

ایس ایچ او نے اپنے تھانےکی حدود میں فرائض انجام دینے والے افسران اور اہلکاروں کو پھول پیش کیے۔

ایس ایچ او نے افسران اور اہلکاروں سے گلے مل کر عید کی مبارک باد بھی دی۔

فیصل مسجد میں نمازِ عیدالفطر:

راولپنڈی اور اسلام آباد میں نمازِ عید کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوا۔

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کی فیصل مسجد میں عیدالفطر کی نماز ادا کی گئی جہاں سیاسی شخصیات، غیر ملکی سفیروں اور بڑی تعداد میں شہریوں نے نماز  پڑھی۔

کئی ہزار شہریوں کی آمد کے سبب مسجد کے بیرونی لان بھی نمازیوں سے بھر گئے۔

فیصل مسجد میں بڑی تعداد میں خواتین اور بچوں نے بھی نمازِ عید ادا کی۔

دوسری جانب راولپنڈی شہر بھرمیں بھی نمازِ عید کے چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد کیے گئے۔

سابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے لیاقت باغ میں نماز عید ادا کی۔

عیدگاہ شریف، لیاقت باغ، موہڑہ شریف اور امام بارگاہ قدیمی میں بھی نمازِ عید کے اجتماعات کا اہتمام کیا گیا جہاں وطن عزیز کی ترقی وسلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

نمازِ عید کے بعد فلسطین اور کشمیر کے مسلمانوں کے لیے  بھی خصوصی دعائیں کی گئیں۔

پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما خورشید احمد شاہ نے سندھ کے شہر سکھر میں اپنی رہائش گاہ پر نمازِ عید ادا کی۔

لاہور میں نمازِ عید:

مینارِ پاکستان گراؤنڈ میں مفتی راغب نعیمی نے نماز عید پڑھائی، اس دوران ملکی سلامتی، خوشحالی اور استحکام کی دعائیں مانگی گئیں۔

مینارِ پاکستان میں علامہ ابتسام الہٰی ظہیر نے نمازِ عید پڑھائی۔

بادشاہی مسجد لاہور میں نمازِ عید مولانا عبدالخبیر آزاد نے پڑھائی، گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے بھی بادشاہی مسجد میں نماز ادا کی۔

لاہور کے علاقے باغِ جناح میں بھی نماز عید ادا کی گئی جہاں ڈاکٹر عارف رشید نے نماز عید پڑھائی، عید کی نماز کے بعد ملکی سلامتی، خوشحالی اور استحکام کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔

دوسری جانب لاہور کے ناصر باغ میں نمازِ عیدالفطر سید حسن رضا نے پڑھائی، بعد از نماز ملکی سلامتی، خوشحالی اور استحکام کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔

لوگوں نے گلے مل کر ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دی 

لاہور کے علاقے منصورہ میں نماز عید جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے پڑھائی۔

’لاہور میں 8 ہزار پولیس افسران و اہلکار سیکیورٹی پر تعینات ہیں‘

اس موقع پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ پولیس ہائی الرٹ ہے، عیدالفطر پر بھرپور سیکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے، پنجاب بھر میں 52 ہزار سے زائد افسران اور اہلکار سیکیورٹی پر معمور ہیں۔

آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ 27 ہزار سے زائد مساجد، 775 کھلے مقامات پر سیکیورٹی فراہم کر رہے ہیں، لاہور میں 8 ہزار پولیس افسران و اہلکار سیکیورٹی پر تعینات ہیں، ڈولفن اسکواڈ، پی آر یو، ایلیٹ فورس ٹیمیں مسلسل پٹرولنگ کر رہی ہیں۔

ڈاکٹر عثمان انور کا ہدایت کرتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ تمام آر پی اوز، ڈی پی اوز، سپروائزری افسران سیکیورٹی انتظامات کاجائزہ لیں اور شہری ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ اور ہلڑ بازی سے گریز کریں۔

لاہور میں واقع مسجد داتا دربار میں بھی نمازِ عید الفطر کا اہتمام کیا گیا جہاں علامہ ریاض سیالوی نے عید کی نماز پڑھائی۔

لاہور کی گرینڈ مسجد بحریہ ٹاؤن میں بھی نماز عید ادا کی گئی جہاں چیئرمین پاکستان علما کونسل علامہ طاہر اشرفی نے نماز عید پڑھائی۔

عید کی نماز کے بعد ملکی سلامتی، خوشحالی اور استحکام کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔

پنجاب کے شہر ٹوبہ ٹیک سنگھ اور گردونواح میں 200 سے زائد مقامات پر نماز عید کے اجتماعات منعقد کیے گئے، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں فلسطینی مسلمانوں کی آزادی، ملک و قوم کی ترقی و سلامتی کے لیے دعائیں کی گئیں۔

پشاور میں نمازِ عید کا اہتمام:

پشاور میں نماز عیداالفطر مرکزی عید گاہ چارسدہ روڈ پر ادا کی گئی، چیف خطب خیبر پختونخوا مولانا طیب قریشی نے نمازِ عید پڑھائی۔

شہر کی دیگر مساجد اور کھلے مقامات پر بھی نمازِ عید کے اجتماعات ہوئے جہاں سب نے خوشی کے پرمسرت موقع پر ملک کی ترقی، فلسطینیوں اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔

علی امین گنڈاپور نے عید کی نماز ڈی آئی خان میں ادا کی:

ڈی آئی خان کے شہر بھر کی مساجد اور کھلے مقامات پر نماز عید کے اجتماعات کا انعقاد کیا گیا۔

خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے عید کی نماز ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان) میں ادا کی جہاں ملک کی سلامتی اور خوشحالی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

مولانا فضل الرحمٰن نے بھی آبائی گاؤں عبدالخیل میں عید کی نماز پڑھائی۔

فیصل کریم کنڈی نے بھی ڈی آئی خان میں واقع کنڈی فارم میں عید کی نماز ادا کی۔

کے پی کے علاقے جنوبی وزیرستان کے سب سے بڑے ضلعے وانا میں 80 مقامات پر نمازِ عیدالفطر کا اہتمام کیا گیا۔

نماز عید کا سب بڑا اجتماع جامعہ دارالعلوم وزیرستان وانا میں ہوا جہاں نماز عید میں ملک کی سلامتی اور فلسطین کے مسلمانوں کے لیے دعائیں کی گئیں۔

بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں نمازِ عید کے اجتماعات:

شہر کوئٹہ کی جامع مساجد، عیدگاہوں سمیت 200 سے زائد مقامات پر نمازِ عید کے اجتماعات کا انعقاد کیا گیا۔

نماز عیدالفطر کا سب سے بڑا اجتماع مرکزی عید گاہ طوغی روڈ میں ہوا جہاں مرکزی خطیب مولانا انوارالحق حقانی نے نماز عید کی امامت کرائی۔

نمازِ عید الفطر کے اجتماعات کے موقع پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کا اہتمام کیا گیا تھا۔

بلوچستان کے شہر خضدار میں عیدالفطر کا سب سے بڑا اجتماع مرکزی عید گاہ میں ہوا، نال، وڈھ، زہری، کرخ، مولہ سمیت تمام علاقوں میں نماز عیدالفطر کے اجتماعات کا بھی اہتمام کیا گیا۔

قومی خبریں سے مزید