اسلام آباد(راحت منیر/اپنے رپورٹر سے) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ این ایف سی فارمولے میں تبدیلی نہیں ہوگی، سندھ، بلوچستان 3 سال تک وفاق کو حصہ دینگے ، بہتر ہے کہ ایف بی آر بند ہو جائے اور اپنے سارے اختیارات صوبائی ریونیو بورڈز کو دیدے ، صوبے اور وفاق قومی سکیورٹی میں حصہ ڈالیں گے،یہ این ایف سی شیئر کم کرنے یا اٹھارہویں ترمیم بدلنے سے نہیں ہوگا، این ایف سی ایوارڈ میں صوبائی حصے کو کم کرنے کوششیں ہوں یا ریونیو جنریشن کے بجائے اداروں کو کمزور کرنے کے فارمولے، یہ طریقہ کار مسائل کا مستقل حل نہیں،اصل راستہ یہ ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں اور وفاق و صوبے مل بیٹھ کر ایک آئینی، باہمی مشاورت پر مبنی حل نکالیں، ایف بی آر سمیت تمام ریونیو اداروں کی اصلاح کی جائے، صوبائی ریونیو بورڈز کو مضبوط کیا جائے اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کے ساتھ قومی ضروریات بھی پوری کی جائیں،این ایف سی ایوارڈ کے موجودہ فارمولے میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔