بہاولنگر کے چک سرکاری میں پولیس اہلکاروں کے چھاپے کے دوران خواتین پر تشدد کے معاملے میں ایس ایچ او اور تین اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
تھانہ مدرسہ میں درج ایف آئی آر کے مطابق ایس ایچ او رضوان عباس اور پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ مقدمہ اختیارات کے غلط استعمال اور فرائض منصبی میں کوتاہی پر درج کیا گیا ہے۔
پولیس کےمطابق پولیس اہلکاروں کے خلاف تحقیقات کی جارہی ہیں جس کے بعد قانونی کارروائی عمل میں لائی جائےگی۔
دو روز قبل پولیس پارٹی نے ایک گھر پر چھاپا مارا تھا، گھر میں موجود افراد نے پولیس اہلکاروں پر چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرنے اور تشدد کرنے کا الزام لگایا تھا۔
پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ مطلوب ملزم کی گرفتاری کےلیے ایک گھر میں چھاپا مارا تھا، جس کے دوران اہل خانہ سمیت متعدد افراد نے پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنا کر تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ پولیس نے خواتین سمیت 23 افراد کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا تھا۔