ایک عرصہ گزرنے کے بعد گھر کی تزئین و آرائش کی ضرورت پیش آہی جاتی ہے۔ اس کی کئی وجوہات ہوسکی ہیں۔ گھر کی چیزوں کا پُرانا ہوجانا، گھر میں نئی ضروریات کے مطابق نئی چیزیں لانا یا پھر نئے رجحانات کے مطابق گھر کو ڈھالنا وغیرہ۔ تاہم ان سب کے باوجود ایک اہم سوال اپنی جگہ باقی رہتا ہے کہ گھر کی تزئین و آرائش کس طرح کی جائے کیوں کہ گھر کی تزئین و آرائش کا منصوبہ بناتے وقت آپ کا دل چاہے گا کہ ہر وہ چیز جو آپ کو پسند آئے، اسے لاکر گھر میں سجا دیں۔
تاہم ایسا کرنا ناصرف آپ کے بجٹ پر بہت بھاری پڑسکتا ہے بلکہ یہ بات بھی نہ بھولیں کہ محض زیادہ سے زیادہ سامان بھر دینے سے گھر کی دیدہ زیب سجاوٹ کبھی نہیں ہوتی۔ اصل خوبصورتی اس وقت آتی ہے جب سامان ترتیب سے رکھا جائے۔ اس لیےاگر آپ تعداد میں کم اور گنجائش میں زیادہ چیزیں خریدیں گے تو گھر سجے گا بھی اور خوب صورت بھی لگے گا۔
اسی بات کے پیشِ نظر ذیل میں ’کم بجٹ میں گھر کی تزئین و آرائش‘ کے کچھ منفرد خیالات پیش کیے جارہے ہیں، جو آپ کے لیے مفید ہوسکتے ہیں۔
ڈرائنگ روم
موقع چاہے خاص ہو یا عام دن، آپ کا ڈرائنگ روم سب سے زیادہ استعمال میں آتا ہے اور آپ کے گھر کا یہی حصہ مہمانوں کے سامنے سب سے زیادہ رہتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ آپ کو سب سے زیادہ توجہ بھی ڈرائنگ روم کی تزئین و آرائش پر ہی دینی چاہیے۔ ڈرائنگ روم کے لیے صرف پردے اور فرنیچر ہی کافی نہیں ہوتے بلکہ مختلف قسم کی نمائشی اشیا (شوپیس) ڈرائنگ روم کی رونق کو چار چاند لگانے کے لیے ضروری ہیں۔ مہنگائی کے اس دور میں بھی آپ کو تلاش کرنے سے مختلف قسم کے شو پیس بازار میں کم قیمت پر مل جائیں گے۔
لاؤنج
گھر میں داخل ہوتے ہی آپ کا لاؤنج یا انٹرنس روم ہوتا ہے، جس کی سیٹنگ اور ڈیکوریشن مہمانوں کو سب سے پہلےمتاثر کرتی ہے۔ ایک منفرد انداز کا فرنیچر آپ کے اس لاؤنج کے لیے ضروری ہے۔ فرنیچر، لاؤنج کی دیوار کے ساتھ رکھیں اور کمرے میں مختلف رنگوں کا استعمال کریں۔ روشنی کے لیے لائٹ کا عمدہ انتظام لاؤنج کی خوبصورتی میں اضافہ کرے گا اور یہ ایک بہترین ویلکم روم ہو گا۔ کوشش کریں کہ لاؤنج میں جوتے اور چابیاں رکھنے کے لیے بھی ایک جگہ مختص ہو۔
بیڈروم
بیڈروم کی تزئین و آرائش کے لیے آپ مندرجہ ذیل تجاویز پر غور کرسکتے ہیں: (1بیڈ پر رکھنے کے لیے دیوار کے ہم رنگ تکیے استعمال کریں۔ یہ بیڈروم کی خوب صورتی میں اچھا اضافہ ہوگا۔ 2)کسی بھی خواب گاہ میں روشنی کا مناسب انتظام کرنا بہت ضروری ہے اور اگر اس کے لیے چھوٹے چھوٹے بلبس کے ساتھ مرکز میں ایک جدید طرز کا فانوس لگایا جائے تو روشنی کے ساتھ اس کی خوب صورتی کو بھی چار چاند لگ جائیں گے۔3) بیڈ کے دونوں اطراف لیمپ کا استعمال خوبصورت لگتا ہے۔4) آرام گاہ میں بیڈ کے ساتھ، میچنگ اسٹول اور کرسی رکھنے سے نا صرف اس میں بیٹھنے کے لیے جگہ کا انتظام ہو گا بلکہ اس سے کمرہ خوبصورت بھی لگے گا۔ 5)پورے کمرے میں خوبصورت اور ہلکے پردوں کا استعمال کیجیے۔ یہ آپ کے بیڈروم کو بہت خوبصورت بنادے گا۔
بچوں کا کمرہ
نیاپن بچوں کو خوب بھاتا ہے اور وہ ہر روز کچھ نیا چاہتے ہیں۔ ایسے میں جب آپ گھر کی تزئین و آرائش کا سوچیں، تو بچوں کے کمرے پر خاص توجہ دیں۔ آپ بچوں کی عمر کے لحاظ سے پیلا، نیلا، سبز یا اور کوئی شوخ رنگ منتخب کر سکتے ہیں۔ کمرے میں زیادہ فرنیچر نہ رکھیں تاکہ بچوں کو چہل پہل، کھیل کود اور جسمانی سرگرمیوں کے لیے کھُلی جگہ زیادہ سے زیادہ دستیاب ہو۔
مزید یہ کہ، جو مٹیریل بچوں کے کمرے میں استعمال ہو، وہ اس قسم کا ہو کہ اس کی صفائی کرنا آسان ہو۔ بہتر ہےکہ بچوں کے کمرے میں چیزیں رکھنے کے لیے آپ اچھے مٹیریل کی با سکٹ یا کپڑ ے کے بیگ استعمال کریں۔ ان کا ایک فائدہ یہ ہوتا ہے کہ آپ ان چیزوں کو لٹکا بھی سکتے ہیں۔
باورچی خانہ
اگر آپ کو کچن کیبنٹس پُرانے لگ رہے ہیں تو انھیں تبدیل کرنے کے بجائے دوبارہ پینٹ کرنے یا ان کی بالائی شیٹ تبدیل کرنے سے بھی مطلوبہ نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ مزید یہ کہ بوسیدہ اور ناکارہ چیزوں کو باورچی خانہ سے ہٹائیں اور اسے کشادہ، دلکش اور خوبصورت انداز میں ترتیب دیں۔ باورچی خانہ کو ہر وقت تروتازہ رکھنے کے لیے ایک بات کو اپنے معمول میں شامل رکھیں کہ برتن صاف کرنے والا اسفنج جیسے ہی خراب ہونے لگے، اسے فوری طور پر تبدیل کردیں۔
پھول، موم بتیاں اور دیگر تفصیلات
چھوٹی آرائشی تفصیلات جیسے پھول، پودے، موم بتیاں اور تصاویر گھر کو آرام دہ اور خوشگوار ماحول فراہم کرتی ہیں۔آپ ان آرائشی اشیا کو گھر میں کرسی، صوفے، ٹیبل، روم کارنر اور ہال میں جہاں کہیں مناسب سمجھیں، سجاسکتے ہیں۔ اس کے نتائج حیران کن ہوں گے۔