• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپنے مکان کی اندرونی چھتوں کو دیں خوبصورت انداز

دورِ جدید میں اب چھتیں سیدھی سادی یا صرف کنکریٹ کی نہیں ہوتیں بلکہ زمانے کے رنگ میں رنگ کر مختلف اشکال و انداز کو اختیار کیا جارہا ہے۔ دراصل آپشنز تو بہت سارے ہیں جیسے کہ انڈسٹریل اسٹائل بھی ٹرینڈ کا حصہ ہے اور اگر صرف پتھروں کی چھت بنوائی جائے تو وہ بھی عمدہ نظارہ پیش کرتی ہے مگر یہ آپ کے بجٹ پر منحصر ہے کہ اپنے گھر کی چھت کو کس طرح آراستہ کرنا ہے۔

آج کل عمارتوں کی تعمیر میں بیسمنٹ بنانے کا رواج بھی عام ہوتا جارہا ہے، جس کی چھت کو دیدہ زیب بنانے کے لیے آپ کے پاس دو آپشنز ہوتے ہیں، ڈرائی وال (Drywall) سیلنگ یا ڈراپڈ(Dropped) سیلنگ۔ بعد والاآپشن سستا اور نصب کرنے میں آسان ہوتا ہے، اس کے لیے بہت زیادہ اوزاروں کی ضرورت پڑتی ہےجبکہ ڈرائی وال سیلنگ میں آپ کو ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ چھت یا سیلنگ کے حوالے سے کچھ ٹرینڈز آپ کی خدمت میں پیش ہیں۔

ڈرائی وال سیلنگ

اگر آپ اپنے بجٹ کے مطابق چھت بنانا چاہ رہے ہیں تو ڈرائی وال (Drywall) ایک عمدہ انتخاب ہوسکتا ہے۔ یہ آپ کی جیب پر زیادہ بوجھ بھی نہیں ڈالے گا اور بآسانی لگ بھی جائے گا۔ لٹکے ہوئے ڈرائی وال کا بہرحال ایک پروسیس ہوتا ہے، جس میں کچھ وقت بھی لگتاہے لیکن جب یہ اسٹائل سامنے آتا ہے تو قابل قدر ہوتا ہے۔

اگر آپ سیلنگ کو قدرتی رنگ دینا چاہتے ہیں تو ڈرائی وال کا انتخاب کریں، آپ کا ہر کمرا گھر کے دوسرے کمروں کی طرح ہی نظر آئے گا۔ ڈرائی وال سیلنگ کا کمرے کی دیگر دیواروں کے ساتھ خوبصورت امتزاج ہو جاتا ہے اور ہر چیز یکساں نظر آتی ہے۔ چھت کی اس خاصیت کی وجہ سے آپ کمرے کو گیسٹ روم بھی بنا سکتے ہیں۔

معلق سیلنگ

گھر کی ہر منرل میں معلق چھت بنوانے کا رواج عا م ہے۔ اس کے لیے میٹل فریم کی ضرورت ہوتی ہے، جو شہتیروں کے سہارے چھت کا احاطہ کرتاہے۔ اس فریم میں آپ ٹائلز نصب کرتے ہیں جو دیدہ زیب لگتے ہیں، البتہ اس سے پہلے آپ کو فریم پر کچھ کام کروانا پڑتا ہے تاکہ ٹائلز اچھی طرح فٹ ہوجائیں۔

بہت سے لوگ اس اسٹائل کو اس لئے بھی پسند کرتے ہیں کہ اسے بآسانی ہٹاکر نیا نصب کیا جاسکتا ہے۔ اگر آپ اپنے گھر کی چھت کو شاندار بنانا چاہتے ہیں تو معلق چھت بہترین آپشن ہے۔ اس میں فریم سے لے کر ٹائلز تک آپ مختلف انداز اور رنگ منتخب کرسکتے ہیں۔ یہ اسٹریچ سیلنگ کے مقابلے میں کفایتی ہوتی ہے۔

اسٹریچ سیلنگ

اسٹریچ سیلنگ بنوانا تھوڑا مہنگا ہوتاہے لیکن جب ایک بار آپ اسے بنوالیتے ہیں تو دوسرے داد دیے بغیر نہیں رہتے۔ نچلی منزل یا بیسمنٹ کی چھت کیلے اس قسم کا اسٹائل بہت کارآمد ہوتا ہے کیونکہ بیسمنٹ میں رطوبت یا نمی زیادہ ہونے کے باوجود آپ کو اسٹریچ سیلنگ پریشان نہیں کرتی اور آپ پرسکون وقت گزارسکتے ہیں۔ اس قسم کی سیلنگ کی تنصیب کے لیے آپ کو فرنیچر بھی ادھر ادھر کرنے کی ضرورت نہیںپڑتی اور نہ ہی کسی قسم کا بکھیڑا ہوتا ہے۔

ایکوسٹک سیلنگ ٹائلز

نیچے کی منزلوں کا سب سے بڑا مسئلہ چھت میں پیدا ہونے وا لا شور ہوتا ہے کیونکہ اوپر والی منزل پر جب لوگ اُچھل کود کرتے یا وزن دے کر چلتے ہیں تو نیچے بہت آواز پیدا ہوتی ہے۔ اگر آپ اپنے نیچے کی منزلوں پر بیڈروم بنانا چاہتے ہیں یا یہاں کچھ وقت سکون سے گزارنا چاہتے ہیں تو ایسے میں آپ کو پریشانی کا سامنا ہوگا۔

اس کے لیے آپ کو ایکوسٹک (Acoustic)سیلنگ ٹائلز لگانے کی ضرور ت ہوگی۔ ایکوسٹک سیلنگ ٹائلز آواز کو کم کرنے کیلئے ڈیزائن کیے گئے ہیں۔ اس سے اوپر موجود کمرے کے فرش پر اور سیڑھیوں پر چڑھنے اور اترنے کی وجہ سے پیدا ہونے والا شور کم یا بالکل ختم ہو جاتا ہے۔ اس قسم کی سیلنگ تخلیقی لوگوں کیلئے بہترین ہوتی ہے، خاص طور پر فنکاروں کے لیے کیونکہ انہیں تخلیقی کام شور شرابے کے بغیر کرنا ہوتا ہے۔

ڈیکوریٹیو سیلنگ ٹائلز

سیلنگ ٹائلز کی خصوصیت یہ ہے کہ آپ اس کو اپنی مرضی سے ڈیکوریٹ بھی کرسکتے ہیں۔ چھت پر کچھ ڈیکوریٹیو (Decorative) سیلنگ ٹائلز لگانے سے کمرہ منفرد کھائی دینے لگتا ہے۔ مختلف ڈیزائن والے ٹائلز لگانا زیادہ مشکل نہیں لیکن تھوڑا مہنگا ہوسکتا ہے۔ 

اس کا مطلب ہے، آپ جتنا زیادہ ڈیکوریٹیو سیلنگ ٹائلزپر خرچ کریں گے، اتنی ہی زیادہ سجاوٹ کمروں کی چھت پر نظر آئے گی۔ مارکیٹ میں بہت سے ڈیکوریٹو اسٹائل دستیاب ہیں۔ آپ انٹرنیٹ کی مدد سے بھی مختلف آپشنز نکال سکتے ہیں۔

ووڈن پلانک سیلنگ

لکڑی کے شہتیروں یا گارڈر سے بنی چھت بھی ایک بہتر آپشن ہے اور کمروں کی چھت کے لیے یہ بہت زبردست دکھائی دیتی ہے۔ اگر کمروں کی چھت میں بیم سپورٹ موجود ہے تو پھر اس قسم کا آپشن آپ کو ضرور اپنانا چاہئے۔

بس آپ کو چھت کے حساب سے مناسب سائز کے لکڑی کے تختے درکار ہوں گے یا ضرورت کے مطابق آپ ان تختوں کو کٹواسکتے ہیں، یوں قدرے آسانی سے آپ کی ووڈن پلانک (Wooden Plank) سیلنگ تیار ہوجاتی ہے۔

تعمیرات سے مزید