کسی نئے گھر کی تعمیریا پہلے سے موجود گھر کی تزئینِ نوکروانے سے قبل توانائی کے حصول اور اس کے استعمال پر غور کرنا ضروری ہے۔ یہ عمل آپ کے گھر کی قدر وقیمت میں اضافہ کرنے کے ساتھ توانائی اور پیسے بچانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
مؤثر توانائی بچانےوالے گھروں کوعام اصطلاح میں’انرجی ایفیشنٹ ہومز‘ کہا جاتا ہے۔ اس کا آغاز امریکی محکمہ توانائی کی جانب سے کیا گیا، جس کا مقصد گھروں کی تعمیر کا ایسا نظام وضع کرناہے جس میں توانائی کا استعمال ذہانت سے ماحول دوست عناصر کے ساتھ کیا جائے۔ اس نظام کے تحت گھروں کی تعمیر کے لیے ذیل میں درج طریقے اور متبادل ذرائع کام میں لائے جاسکتے ہیں۔
اسمارٹ ڈیزائننگ
انرجی ایفیشنٹ گھروں کی تعمیر کا پہلا مرحلہ اسمارٹ ڈیزائننگ ہے۔ آرکیٹیکٹ، ڈیزائنر اور بلڈر کا انرجی آڈٹ، بجلی کے کم سے کم استعمال کے لیے بلڈنگ کوڈ سے متعلق عائدپابندیوں اور تمام ٹیکنالوجیز و پیرامیٹرز سے آگاہ ہونا ضروری ہے۔ یہ نہ صرف ماحول کے لیے فائدہ مند ہوتا ہے بلکہ مستقبل میں گھر کے مالک کے لیے بھی پیسے کی بچت کا باعث بنتا ہے۔
دوران تعمیر ایسے خاص پیرامیٹرز موجود ہوتے ہیں، جن سے متعلق بلڈرز کو آگہی ڈیزائنر یا آرکیٹیکٹ ہی فراہم کرتا ہے چنانچہ انرجی ایفیشنٹ گھروں کی تعمیر کےلیے بلڈرز اور آرکیٹیکٹ کے درمیان مضبوط تعلق ہونا ضروری ہے۔
سمت بندی
تعمیر کا آغاز گھر کی سمت بندی (اورینٹیشن) سے ہوتا ہے، جس کے لیے عمارت کے اردگرد کاجائزہ لیا جاتا ہے۔ مثال کے طور پر سورج کے طلوع ہونے اورغروب ہونے کی سمت کیا ہے، اس حوالے سے آرکیٹیکٹ عام طور پر Passive سولر پینل ڈیزائننگ کا انتخاب کرتے ہیں۔ یہ ڈیزائن موسم گرما میں گھروں کو ٹھنڈا جبکہ سرد موسم میں گھروں کو گرم رکھنے کے لیے بہترین انتخاب ہے۔
دوسری جانب موسم گرما کے دوران گرمی کی شدت کو کم کرنے اور زیادہ سے زیادہ بجلی پیدا کرنے کے لیے سولر پینل کا رُخ سورج کی سمت رکھا جاتا ہے۔ اس حوالے سےکھڑکی والی دیواروں کی سمت بندی بھی خاص اہمیت رکھتی ہے۔
مثلاً ٹھنڈی آب وہوا والے علاقے میں عمارت کا رُخ جنوب کی جانب 15سینٹی گریڈ ہو جبکہ گرم آب وہوا والے علاقوں میں براہ راست جنوب کی سمت اختیار کرنے سے پرہیز کرنا ہی آپ کے لیے بہتر رہے گا۔
سولر سسٹم اور سولر ٹائلز
انرجی ایفیشنٹ گھروں کی تعمیر کے لیے سولر سسٹم لازمی ہیں۔ سولر پینل کو بجلی کے متبادل ذرائع کے طور پرموجودہ دور میں خاص اہمیت حاصل ہے۔ یہ ایک ایسی ڈیوائس ہے، جو سورج کی روشنی کو بجلی میں تبدیل کرتی ہے۔
دنیا بھر میں سولر پینلز کی تین بڑی کیٹیگریز ہیں: سنگل کرسٹل سیلیکون پینلز، پولی سیلیکون پینلز اور ٹی ایف ٹی پینلز۔ تاہم آپ کے گھر کے لیے سنگل کرسٹل سیلیکون پینلز کا انتخاب سود مند ثابت ہوگا۔
اگرچہ دوران تعمیر سولر سسٹم کی تنصیب آپ کی جیب پر بھاری پڑے گی لیکن ایک بار سولر پینل پر کی گئی سرمایہ کاری کافی عرصے تک آپ کو مہنگے بلوں سے نجات دلانے میں معاون ہوگی۔ سائز میں چھوٹے ہونے کے باعث ان سولر پینل کی تنصیب چھت پر یا گھر کے کسی بھی بیرونی حصے میں بآسانی کی جاسکتی ہے۔
اس حوالے سے خوش آئند بات یہ ہے کہ جدید انقلابی دور میں سائنسدان سولر پینل سے ایک قدم آگے سولر ٹائلز کی ایجاد میں بھی کامیاب ہوگئے ہیں، جس کے باعث اب بہت جلد ٹائل بھی بجلی پیدا کرسکیں گے۔
انسولیشن
انسولیشن کا عمل گرم موسم میں گھروں کو ٹھنڈا اور سرد موسم میں گھروں کوگرم رکھنے کا بہترین طریقہ ہے۔ سائنس اور ٹیکنالوجی کی مدد سے گھروں کی انسولیشن کا عمل مزید بہتر بنانے کے لیے اسٹرکچرل انسولیٹڈ پینل بنائے گئے ہیں۔
یہ پینل دو سطحی ہوتا ہے، اس میں درمیانی سطح پر فوم رکھ کر سخت بورڈ کےذریعے اس کی انسولیشن کی جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان پینلز کے ساتھ تعمیر کیے گئے گھرکم توانائی خرچ کرتے ہیں۔
وینٹی لیشن اور لیکیج
انرجی ایفیشنٹ گھروں کی تعمیر میں وینٹی لیشن اور لیکیج پر غور کرنے کا مرحلہ بھی خاصا اہم ہوتا ہے۔ اگر دوران تعمیر مناسب وینٹی لیشن کا خیال رکھا جائے تو اس سے نہ صرف گھر روشن اور ہوا دار رہے گا بلکہ گھر میں رہنے والےمکین بھی صحت مند رہتے ہیں۔
دوسری جانب لیکیج کےتمام مراحل پرغورکرنا بھی انرجی ایفیشنٹ گھروں کی تعمیر کے لیے بے حد ضروری ہے۔ اس مرحلے پر گھر کی نالیوں، دروازوں اور کھڑکیوں کا نمایاں طور پر جوائنٹ ہونا بے حد ضروری ہے۔
انرجی ایفیشنٹ اپلائنسز
کسی بھی گھر کی تعمیر یا تزئینِ نو کے دوران اپلائنسز کی تنصیب یا ا ن کااستعمال بھی خاص اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ مختلف اقسام کے اپلائنسز مثلاً ایل ای ڈی لائٹس، انورٹر ریفریجریٹر ، انورٹر اے سی اور دیگر الیکٹرانک سامان آتے ہیں۔
ان کی خریداری کے وقت کم بجلی استعمال کرنے والے اپلائنسز پر دھیان دینا ضروری ہے۔ مثلا ًعام بلب کی جگہ ایل ای ڈی لائٹس ، عام ایئر کنڈیشنر کے بجائے انورٹر ایئرکنڈیشنر وغیرہ خریدتے وقت قیمت میں 15سے 20 فیصد فرق آتا ہے لیکن ایک بار کا اضافی خرچہ بجلی کے ماہانہ بلوں کو کم کرنے کا سبب بنتا ہے۔