معروف امریکی اداکار جوکین فینکس نے اپنی بلاک بسٹر فلم’جوکر‘ کا دستخط شدہ پوسٹر غزہ کے مظلوم فلسطینیوں کے لیے عطیہ کر دیا۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق فلم انڈسٹری سے منسلک خواتین فلمسازوں اور صحافیوں کے ایک گروپ نے غزہ کے لیے برطانیہ کی جانب سے غزہ پہنچائی جانے والی طبی امداد میں اپنے عطیات جمع کیے ہیں۔
ہالی ووڈ سے وابستہ معروف شخصیات نے’سنیما فار غزہ‘ کے نام سے شروع ہونے والی اس مہم میں اپنی قیمتی اور منفرد اشیاء نیلام کیں اور اس نیلامی سے تقریباََ تین لاکھ سے زائد ڈالرز اکٹھے کیے گئے ہیں۔
اس نیلامی میں آسکر ایوارڈ یافتہ ہالی ووڈ اداکار جوکین فینکس نے اپنی بلاک بسٹر فلم’جوکر‘ کے دستخط شدہ پوسٹر غزہ کے لیے عطیہ کیے ہیں۔
علاوہ ازیں، ہالی ووڈ فلم’دی زون آف انٹرسٹ‘ کے ہدایتکار جوناتھن گلیزر نے اپنی فلم کے سات پوسٹرز بھی غزہ کے لیے عطیہ کیے۔
28 مارچ کو شروع ہونے والی اس مہم میں 200 سے زائد اشیاء نیلام کی گئی ہیں۔
مہم کے منتظمین نے ساتھ دینے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ’ہم عطیہ دہندگان اور بولی لگانے والوں دونوں کی سخاوت سے متاثر ہیں اور ہمیں فخر ہے کہ انہوں نے ہم رضاکاروں کی اس چھوٹی سی ٹیم کی جانب سے کی گئی کوشش کو کامیاب بنایا۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ ہمیں لگا تھا کہ ہم اس مہم کے ذریعے صرف 25 ہزار ڈالرز کا عطیہ اکٹھا کرسکیں گے۔
واضح رہے کہ’سنیما فار غزہ‘ کے نام سے اس مہم کا آغاز فلمی نقاد ہانا فلنٹ نے فلسطین پر اسرائیلی بربریت شروع ہونے کے چند ماہ بعد فلم انڈسٹری میں موجود اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر کیا تھا۔