• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی وفد کی آمد، بڑی سرمایہ کاری متوقع، شہزادہ فیصل بن فرحان کی قیادت میں مہمانوں کا نور خان ایئربیس پر پرتپاک استقبال

اسلام آباد(نمائندہ جنگ/ایجنسیاں) سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان پہنچ گیا۔ ملک میں بڑی سرمایہ کا ری متوقع ‘ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نور خان ایئر بیس پہنچنے پر وزیر خارجہ اسحٰق ڈار سمیت کابینہ کے ارکان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ سعودی وفد سرمایہ کاری کے اگلے مراحل اور عملدرآمد کے امور پر مشاورت کرے گا۔سعودی عرب کی زراعت، تجارت، توانائی، معدنیات، آئی ٹی، ٹرانسپورٹ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ہے ‘ سعودی وفد پاکستان میں 2 روز قیام کرے گا ‘ اس دوران دوطرفہ تعلقات کو مزید بنانے پر بات چیت ہوگی جبکہ ریکوڈک منصوبے میں سعودی سرمایہ کاری سمیت اقتصادی شراکت داری کے دیگر امور زیرغور آئیں گے۔سعودی وفد کے دورے سے مشترکہ منصوبوں کے آغاز اور نئے امکانات کی راہیں ہموار ہوں گی۔سرکاری بیان کے مطابق دورے کے دوران مختلف معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے جبکہ سعودی وفد پاکستان میں قیام کے دوران سرمایہ کاری کے مواقع کا بھی جائزہ لے گا۔سعودی وفد کی صدر زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔دفترخارجہ کے مطابق دونوں ملکوں کے وزرا خارجہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کاری کونسل (ایف آئی ایف سی) سے ملاقاتیں کریں گے۔

اہم خبریں سے مزید