• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈاک و چاغی بارش سے متاثر‘ آفت زدہ قرار دیا جائے‘ انجینئر عثمان

کوئٹہ(پ ر)جمعیت علماء اسلام کے رہنما و رکن قومی اسمبلی انجینئر حاجی عثمان بادینی نے کہا ہے کہ ملک بھر میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جہاں جانی و مالی نقصانات کی بھی اطلاعات ہیں ۔ادھر ڈاک نوشکی اور تحصیل چاغی شدید بارشوں سے تباہ ہوگئے ۔نوشکی ڈاک اور تحصیل چاغی میں شدید بارشوں اور ژالہ باری سے زمینداروں کی کھڑی فصلیں اور باغات تباہ ہونے کے ساتھ بڑے پیمانے پر لوگوں کے گھر گرگئے۔ رابطہ سڑکیں بہہ جانے سے کئی علاقوں کا زمینی رابطہ بھی منقطع ہے۔شدید وموسلادھار بارشوں سے دیگرعلاقوں کی طرح خاران اور واشک بھی شدید متاثر ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اداروں کی کارکردگی صرف بیانات تک محدود ہے جبکہ حقائق اس کے برعکس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوشکی وچاغی کے زمینداروں کا کروڑوں روپے کا نقصان ہوچکا ہے اور ان کی سال بھر کی کمائی پانی کی نذر ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام حکومتی امداد کے منتظر ہیں اور شدید مشکلات کا شکار ہیں ۔ دو روز کے وقفے کے بعد دوبارہ بارشیں شروع ہونے سے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا۔ مکانات گرنے سے متاثرین درختوں اور خیموں میں پناہ لینے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر نوشکی وچاغی کو آفت زدہ قرار دیتے ہوئے زمینداروں کے قرضے اور بجلی کے بل معاف اور بارش متاثرین کی فوری امداد کیلئے اقدامات کرے۔
کوئٹہ سے مزید