کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر) سٹی نالے میں نشے کے عادی افراد کا ہزاروں کی تعداد میں اضافہ، شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی۔ پولیس کا سٹی نالے میں ایک اور آپریشن، درجنوں افراد کو حراست میں لے لیا جبکہ کئی قیدی وین سے فرار ہو گئے ۔تفصیلا ت کے مطابق شہر بھر میں نشے کے عادی افراد نے شہریوں کی زندگیاں اجیرن بنا دیں۔ دن رات شہر کی سڑکوں اور سٹی نالے میں نشے کے عادی افرادپھرتے رہتے ہیں جبکہ دکانوں، اسٹریٹ لائٹس کی بیٹریاں اور دیگر قیمتی سامان بھی چوری کرنے میں مصروف ہیں گزشتہ دنوں نشے کے عادی افراد نے زرغون روڈ پر ٹریفک بوتھ آفس کی کھڑکیاں،بلب سمیت دیگر سامان چرا لیا تھا۔ عوامی شکایات پر پولیس نے گزشتہ روز سٹی نالے میں ایک اور آپریشن کیا تاہم نشے کے عادی افراد اور پولیس میں آنکھ مچولی کا کھیل جاری رہا۔ پولیس نے درجنوں افراد کو حراست میں لے کر وین میں ڈالا مگر کئی وین سے فرار ہو گئے۔ ایک افسر نے بتایا کہ نشے کے عادی افراد کو حراست میں لے تو لیا جاتا ہے مگر ان کی بحالی کیلئے کام کرنے والی درجنوں این جی اوز انہیں لینے سے انکار کر دیتی ہیں انہوں نے بتایا کہ نشے کے عادی افراد کی تعداد میں روز بروز اضافہ تشویشناک ہے اگر اس صورتحال پر توجہ نہ دی گئی تو نوجوان نسل تباہی کا شکار ہو جائے گی ۔