• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی


بلوچستان میں چمن، قلعہ عبداللّٰہ، پشین، کوژک ٹاپ، گوادر، پسنی، نوشکی اور بارکھان سمیت دیگر اضلاع میں بارشیں جاری ہیں۔

 سیلابی ریلے چمن شہر میں داخل ہوگئے۔ ایک گاڑی سیلابی ریلے میں بہہ گئی، 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔

اورماڑہ میں ماہی گیروں کی 100 سے زائد کشتیاں سمندر برد ہوگئیں، مکران کوسٹل ہائی وے پر بسول ندی کا پُل ٹوٹ گیا، گوادر اور مکران کا کراچی سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی، بارش اور سیلابی ریلوں سےچمن کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال ہے۔ شین تالاب کےعلاقے میں گاڑی سیلابی ریلے میں بہہ جانے سے 5 افراد جاں بحق جبکہ ایک بچہ لاپتا ہوگیا۔

درجنوں مکانات سیلابی ریلوں میں بہہ گئے، مواصلاتی نظام درہم برہم ہوگیا، ضلعی انتطامیہ نےضلع میں رین اور فلڈ ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔

پسنی شہر کی گلیوں اور گھروں میں پانی بھر گیا، متعدد مکانات کو نقصان پہنچا، طوفانی بارشوں سے ماہی گیروں کی 100 سے زائد کشتیوں کو نقصان پہنچا۔

 ہرنائی میں قومی شاہراہوں پر چھٹے روز بھی بھاری ٹریفک بحال نہ ہوسکا، ہرنائی سبی ریلوے سیکشن پر ریل سروس چوتھے روز بھی معطل ہے۔

 نوشکی میں سیلابی ریلے سے پاک ایران ریلوے ٹریک میں شگاف پڑنے سے پاک ایران کے مابین ریلوے رابطہ منقطع ہے۔

قومی خبریں سے مزید