ویسٹ انڈیز ویمن نے پاکستان ویمن کو سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ایرینا میں کھیلے جانے والے اس میچ میں پاکستان ویمن نے مہمان ٹیم کو جیت کے لیے 224 رنز کا ہدف دیا جو اس نے آخری گیند پر حاصل کیا۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے اسٹیفنی ٹیلر نے 73 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ شیمائن کمبیلے 52 اور کپتان ہیلی میتھیوز 44 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔
قومی ویمن ٹیم کی کپتان ندا ڈار نے 52 رنز دے کر 4 وکٹیں لیں، تاہم ٹیم کو جیت دلوانے میں ناکام رہیں۔
پاکستان ویمن ٹیم کی دیگر بولرز میں سے ام ہانی نے 2 جبکہ سعدیہ اقبال اور فاطمہ ثناء نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے قومی ویمن ٹیم 49ویں اوور میں 223 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کی بسمہ معروف 65 رنز بنا کر نمایاں رہیں جبکہ اوپنر سدرہ امین نے 50 رنز کی اننگز کھیلی۔
ویسٹ انڈیز ویمن کی کریشمہ ریمھارک اور شینلے ہینری نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس جیت کے ساتھ ہی ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم کو تین میچز کی سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہوگئی۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز ویمن ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ون ڈے منگل کو کھیلا جائے گا۔
دوسرے میچ کےلیے پاکستان ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی تھیں جہاں ڈیانا بیگ اور نشرح سندھو کو ڈراپ کر کے صدف شمس اور امِ ہانی کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا جبکہ ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم نے پہلے ون ڈے میں پاکستان کو 113 رنز سے شکست دی تھی۔
یہ سیریز آئی سی سی ویمن چیمپئن شپ کا حصہ ہے، سیریز کے تمام میچز پاکستان کے پہلے اسپورٹس چینل جیو سوپر پر براہِ راست نشر کیے جارہے ہیں۔