ایران کے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کی اہلیہ ڈاکٹر جمیلہ علم الہدیٰ رئیسی نے اسلام آباد میں پاکستان سویٹ ہوم اور جامعہ نمل کا دورہ کیا۔
اس موقع پر پاکستان کی خاتون اول، رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو نے ان کا پُرتباک استقبال کیا۔
اسلام آباد سے ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایرانی خاتون اول نے یتیم بچوں کو محفوظ اور پرورش کا سازگار ماحول فراہم کرنے میں پاکستان سویٹ ہوم کے کردار کی تعریف کی۔
سویٹ ہوم کے بچوں نے ایرانی صدر کی اہلیہ کو یادگاری تحفہ بھی پیش کیا۔
انہوں نے قوم کے کامیاب مستقبل کے لیے نوجوان نسل کی حمایت کے اثرات پر بھی روشنی ڈالی۔
ترجمان کے مطابق اس موقع پر فلسطینی عوام بالخصوص غزہ کے بچوں کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
دریں اثنا ڈاکٹر جمیلہ علم الہدیٰ رئیسی نے جامعہ نمل کا دورہ کیا اور طلباء اور اساتذہ سے گفتگو کی۔
اس موقع پر انہیں اعزازی ڈگری سے بھی نوازا گیا جبکہ ایرانی صدر کی اہلیہ نے اپنی کتاب ’دی آرٹ آف فیمینائن لائف‘ کے انگریزی ترجمے کی نقاب کشائی کی جس میں ان کی بصیرت اور نقطہ نظر سے علمی گفتگو کو تقویت ملی۔
انہوں نے اسلام میں بیان کردہ خواتین کے اہم کردار پر بھی روشنی ڈالی۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری بھی موجود تھیں۔