کراچی کے ضلع ملیر گڈاپ اور اس کے اطراف کے علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق 8 بجکر 50 منٹ پر محسوس کئے گئے زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 3.2 ریکارڈ کی گئی، جس کی گہرائی 12 کلومیٹر تھی اور اس کا مرکز شہر کا ضلع ملیر تھا۔
زلزلے کے باعث کچھ کچے مکانوں کی دیواروں میں دراڑیں بھی پڑگئیں، ریسکیو اداروں کے مطابق زلزلے سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ڈائریکٹر نیشنل سونامی سینٹر امیر حیدر کا بیان
ڈائریکٹر نیشنل سونامی سینٹر امیر حیدر کا کہنا ہے کہ زلزلے کی زیر زمین کم گہرائی زائد شدت زلزلے میں نقصاندہ ہوتی ہے، اس زلزلے میں گہرائی اور شدت بھی کم رہی۔
امیر حیدر نے مزید کہا کہ زلزلے کے ساتھ اکثر زوردار دھماکے کی آواز پیدا ہوتی ہے، مزید زلزلے آنے کی پیشگوئی نہیں کی جاسکتی۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں اوسط 4.8 سے 5.8 شدت کے زلزلے ریکارڈڈ ہیں۔