• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیش مینجمنٹ اور ٹریژری سنگل اکاؤنٹ رولز 2024 کا نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد (مہتاب حیدر) آئی ایم ایف کی شرط پر عملدرآمد کرنے کیلئے حکومت نے کیش مینجمنٹ اور ٹریژری سنگل اکاؤنٹ رولز 2024 کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے تحت فنانس ڈویژن وقتاً فوقتاً سرکاری دفاتر اور عوامی اداروں کو ٹریژری سنگل اکاؤنٹس (ٹی ایس اے) کا حصہ بننے کے لیے نوٹیفکیشن جاری کریگا۔ٹی ایس اے کا مطلب ہے ایک بینک اکاؤنٹ یا ایک مرکزی اکاؤنٹ سے منسلک متعدد بینک اکاؤنٹس میں حکومت کے مالی وسائل کے استحکام کے لیے بینکنگ کا انتظام جس کے ذریعے حکومت تمام رسیدیں اور ادائیگیاں انجام دیتی ہے۔ سرسری تخمینے کے مطابق 2سے 3کھرب روپے خومتی نظام سے باہر پڑے ہیں۔ ٹی ایس اے اور عوامی پیسے کی تعریفیں پی ایف ایم ایکٹ، 2019 میں فراہم کی گئی ہیں۔ٹی ایس اے حکومت کے مالی وسائل کو مستحکم کرنے کا ایک بینکنگ انتظام ہے جو یا تو ایک بینک اکاؤنٹ میں یا ایک مرکزی اکاؤنٹ سے منسلک ایک سے زیادہ بینک اکاؤنٹس میں ہے۔ عوامی پیسے کی تعریف وہ رقم ہے جو فیڈرل کنسولیڈیٹڈ فنڈ اور فیڈریشن کے پبلک اکاؤنٹ کا حصہ بنتی ہے۔ اس لیے عوامی رقوم کو کمرشل بینک کھاتوں میں منتقل کرنا آئین اور پی ایف ایم ایکٹ کے خلاف ہے۔ اس مشق کا مقصد تمام عوامی پیسے کو ٹی ایس اے میں لانا ہے جو اس وقت حکومت کے نظام سے باہر ہے۔
اہم خبریں سے مزید