کوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے کوئٹہ شہر کو مضر صحت گوشت سپلائی کی بڑی کوشش ناکام بنادی ۔ ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق لاکھوں مالیت کے مضر صحت مرغی کے گوشت کی سپلائی سے متعلق خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی ، جس پر اتھارٹی حکام نے شہر کے مختلف داخلی راستوں پر نا کے لگا کر مبینہ طور پر پنجاب سے آنے والے مضر صحت چکن میٹ کی نگرانی شروع کردی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز قمرالزمان کی سربراہی میں آپریشن ٹیم نے ایئرپورٹ روڈ کلی الماس چوک کے مقام پر ایک مشتبہ مال بردار ٹرک جاتے ہوئے دیکھا۔بی ایف اے ٹیم نے مشتبہ گوشت بردار ٹرک کو رکنے کا اشارہ کیا تاہم ڈرائیور نے فرار ہونے کی کوشش کی اور ٹرک کو ایک پارکنگ ایریا میں داخل کرنے کے بعد انٹری گیٹ بند کردیا۔مزید برآں بی ایف اے آپریشن ٹیم نے مقامی پولیس کی مدد سے گیٹ کھول کر تقریباً پانچ ٹن ناقص گوشت لوڈ ٹرک اپنی تحویل میں لیا۔ بعدازاں ٹرک میں موجود چکن میٹ کے سیمپل لے کر لیبارٹری ٹیسٹ کے لئے بھجوائے گئے ، لیبارٹری رپورٹ کے مطابق پکڑا گیا لاکھوں روپے مالیت کا گوشت انسانی استعمال کے لئے مضر صحت پایا گیا ۔ بعدازاں بی ایف اے ٹیم کی نگرانی میں ناقص و غیر صحت بخش چکن میٹ کی بڑی مقدار شہر سے باہر محفوظ مقام پر تلف جبکہ ناقص گوشت کی سپلائی میں ملوث عناصر کے خلاف مزید قانونی کارروائی شروع کردی گئی۔