بالی ووڈ کے ڈائریکٹر امتیاز علی کا کہنا ہے کہ انہیں اپنی فلم ’جب وی میٹ‘ کیلئے شاہد کپور اور کرینہ کپور کو کاسٹ نہ کرنے کا مشورہ دیا گیا تھا۔
فلم امر سنگھ چمکیلا کے ہدایت کار امتیاز علی کی جب وی میٹ ایک مشہور فلم ہے، جس نے شاہد کپور اور کرینہ کپور کے کیریئر کو بدل کر رکھ دیا تھا، جس کے بعد دونوں کی جوڑی بہت مقبول ہوگئی تھی۔ تاہم امیتاز علی نے اپنے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ اس فلم کیلئے انہیں کسی نے کرینہ اور شاہد کپور کو کاسٹ نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔
اپنے انٹرویو میں ڈائریکٹر امتیاز علی نے بتایا کہ اپنی فلم کیلئے انہوں نے اداکاروں کو کیسے کاسٹ کیا تھا؟
امتیاز علی سے پوچھا گیا کہ ان کے اوپر کیا بڑے اسٹارز کو کاسٹ کرنے کا دباؤ تھا، تو اس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ خوش قسمتی سے میرے کیریئر میں نام نہاد کامیاب اور اسٹارز کے ساتھ مختلف مواقع ملے ہیں، لیکن مجھے وہ وقت یاد ہے جب شاہد اور کرینہ جب وی میٹ کیلئے آئے تھے تو اس وقت کسی نے مجھے مشورہ دیا کہ ہم ان سے بہتر کاسٹ کرسکتے ہیں، کیونکہ اس وقت شاہد کپور اور کرینہ کی کارکردگی اچھی نہیں تھی، مگر انہوں نے اس میں بہت اچھا کام کیا۔
ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ آپ جانتے ہیں کہ لوگ اس فلم کو پسند کرتے ہیں، تو میں سمجھتا ہوں کہ مجھے ایک فلمساز کے طور پر اپنی فلم کو اسٹاک ایکسچینج کی مارکیٹ کی طرح نہیں دیکھنا چاہیے، بلکہ ہر کسی کو اس کے ٹیلنٹ اور خاص انداز سے دیکھنا چاہیے جو آپ پیش کرنا چاہتے ہیں۔
امتیاز علی نے اپنے تجربے کی بنیاد پر کہا کہ کسی بھی کہانی میں لکھے کردار کی بنیاد پر کسی کو کاسٹ کرنا ان کیلئے ہمیشہ کام آیا ہے، کوئی بھی فلم اس وقت کام کرتی ہے جب آپ اس اداکار کے ساتھ جاتے ہیں جو اس کردار کیلئے بہترین ہو، نہ کہ موجودہ رجحان کیا ہوسکتا ہے اور یہی میں نے محسوس کیا ہے۔