کوئٹہ ( پ ر) جے یو آئی پاکستان کی صوبائی رابطہ کمیٹی کا اجلاس صوبائی امیر مولانا عبد المالک کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں جماعتی امور اور مستقبل کی حکمت عملی سے متعلق مذاکرہ اور آرا کا تبادلہ ہوا۔ اجلاس میں تمام ضلعی جماعتوں کو ہدایت جاری کرنے کا فیصلہ ہوا کہ پہلی فرصت میں ضلعی رابطہ کمیٹیوں کے اجلاس منعقد کریں اور آئندہ صوبائی نمائندہ اجلاس میں صوبائی جماعت کو آئندہ کی حکمت عملی سے آگاہ کریں ۔اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ 16 مئی جمعرات کو صبح دس بجے تمام اضلاع کے امراء و نظماء اور صوبائی رابطہ کمیٹی کا مشترکہ اجلاس جناح ٹاؤن کوئٹہ میں ہوگا جس میں مرکزی جماعت کی ہدایت کے مطابق صوبائی جماعت کے جانب سے اضلاع کے دورے، بنیادی ارکان کی لسٹیں بنانے کی حکمت عملی، مرکزی یا صوبائی سطح پر سالانہ اجتماعات کے انعقاد اور عیدالاضحی کے بعد صوبائی مجلس عمومی کے اجلاس کے لئے مناسب تاریخ کے تعین کے ایجنڈے زیر غور لائے جائیں گے ۔اجلاس میں جمعیت پاکستان کی صوبائی مجلس شوری کے رکن اور پشین کے ضلعی نائب امیر مولانا عبد البصير ہارونجی کے بھائی حاجي عبدالنصیر کے انتقال پر افسوس کا اظہار جبکہ جے یو آئی کے صوبائی نائب امیر مولانا محمد عالم لانگو کی صحت یابی کے لئے دعا کی گئی۔