کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ایس بی کے شارٹ لسٹڈ امیدواروں اللہ نور بلوچ ، عمر ناصر ، جمال شاہ ، خالد شاہ ، اکرم کاکڑ و دیگر نے کہا ہے کہ انہین مستقل بنیادوں پر تعینات کیا جائے کنٹریکٹ پر تعیناتی کسی صورت قبول نہیں اگر ہمارے مطالبات منظور نہ کئے گئے تو بلوچستان کے تمام اضلاع سے لانگ مارچ کرکے اسمبلی کے سامنے دھرنا دیں گے جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت اور متعلقہ حکام پر عائد ہوگی ۔یہ بات انہوں نے جمعرات کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی اس موقع پر دیگر امیدوار بھی بڑی تعداد میں موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے 26 فروری 2023 کو اساتذہ کی 9 ہزار اسامیاں اخبارات میں مشتہر اور اسکریننگ ٹیسٹ کا انعقاد کیا جس کے بعد ایک سال تک ہائی کورٹ میں کیس چلتا رہا ، پھر سپریم کورٹ نے مشتہر کردہ اسامیوں پر تعیناتی کے حوالے سے امیدواروں کے حق میں فیصلہ دیا ، عدالت کے فیصلہ کے بعد نتائج کا اعلان کیا گیا اور تمام اضلاع میں میرٹ لسٹیں آویزاں کردی گئیں ، ڈویژن کی سطح پر پی آر سی کمیٹیاں بنائی اور ڈویژنل سطح پر سیکروٹنی کرنے کی ذمہ داری گئی یہ 2019ء کی پالیسی سے متصادم تھا اس کے بعد پی آر سی کمیٹی کے خلاف دوبارہ ہائی کورٹ سے رجوع کیا گیا ۔اب صوبائی حکومت کنٹریکٹ پر بھرتی کرنے جارہی ہے جس کی مذمت کرتے اور مطالبہ کرتے ہیں کہ مستقل پوسٹوں پر کنٹریکٹ پر بھرتی نہیں کیا جائے بلکہ مستقل بنیادوں پر تعیناتیاں عمل میں لائی جائیں دو سال سے جان بوجھ کر تاخیری حربے استعمال کرکے میرٹ پر پورا اترنے والے امیدواروں کو ان کے حق سے محروم رکھا جارہا ہے ۔