• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان میں ایڈز کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، ڈاکٹر ذوالفقار بلوچ

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان ایڈز کنٹرول پروگرام کے کوارڈینیٹر ڈاکٹر ذوالفقار بلوچ نے کہا ہے کہ گزشتہ سال کی نسبت اس سال بلوچستان میں ایڈز کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے,بلوچستان کے 6 اضلاع کو ایڈز کے حوالے سے ہائی رسک قرار دیا گیا ہے، خاران ، ژوب ، سبی اور خضدار میں ایچ آئی وی ٹریٹمنٹ سینٹر قائم کیے جارہے ہیں ،ہر سال کی طرح اس سال بھی دنیا میں یکم دسمبر کو ایڈز کا عالمی دن منایا جارہا ہے ،یہ بات انہوں نے ڈپٹی صوبائی کوارڈینیٹر ڈاکٹر داؤد خان اچکزئی کے ہمراہ ہفتہ کو پریس کانفرنس میں کہی ۔ انہوں نے کہا کہ ایڈز میں مبتلا مریضوں میں ایڈز کے وائرس کی وجہ سے جسم کا مدافعتی نظام تباہ ہوجاتا ہے جس کے باعث جو بھی بیماری انسانی جسم میں داخل ہوتی ہے وہ مہلک صورت اختیار کرتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان ایڈز کنٹرول پروگرام کی جانب سے کئے جانے والے ٹیسٹوں کے مطابق بلوچستان میں 2823 مریض سامنے آئے ہیں، گزشتہ سال یہ تعداد 2361 تھی ،صوبے کے 4 شہروں خاران، ژوب، خضدار اور سبی میں ایچ آئی وی ٹریٹمنٹ سینٹر بنائے جارہے ہیں ، انہوں نے بتایا کہ اس سال ایک لاکھ سے زائد افراد کے ایچ آئی وی اسکریننگ ٹیسٹ کئے گئے جبکہ تمام ڈسٹرکٹ جیلوں میں ٹیسٹ ہوچکے ہیں ،ایڈز کنٹرول پروگرام کے تحت بلوچستان کے تمام اضلاع کے اسپتالوں میں مفت ٹیسٹ کی سہولت فراہم کی گئی ہے اور وہاں اسکریننگ کٹ موجود ہیں تمام سینٹروں میں مریضوں کے لئے مفت ادویات اور علاج معالجے کی سہولت میسر ہے۔
کوئٹہ سے مزید