• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اب مدد نہیں کاروبار پر توجہ دے رہا ہے: وفاقی وزیرِ پیٹرولیم مصدق ملک

وفاقی وزیرِ پیٹرولیم مصدق ملک—فائل فوٹو
وفاقی وزیرِ پیٹرولیم مصدق ملک—فائل فوٹو

وفاقی وزیرِ پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا ہے کہ پاکستان اب مدد نہیں کاروبار پر توجہ دے رہا ہے، ہم مدد نہیں تجارت اور کاروبار چاہتے ہیں۔

وفاقی وزراء کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ سعودی تجارتی وفد پاکستان کے اہم دورے پر ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے مابین گزشتہ چند ہفتوں میں اہم تجارتی دورے اور گفتگو ہوئی۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستانی سرمایہ کاروں کو بھی تجارت میں اپنا حصہ ڈالنے کا موقع ملے گا، پاکستان سعودی وژن 2030ء کے لیے بھی کردار ادا کرے گا، سعودی عرب کی سرمایہ کاری سے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔

وفاقی وزیرِ پیٹرولیم مصدق ملک نے بتایا کہ سعودی کمپنیوں کے ساتھ ایک ایک کوآرڈینیٹر منسلک کیا گیا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں نا امیدی کا کلچر ختم ہو، ہم نے ملک کی ترقی کے لیے دن رات کوشاں رہنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں میں چھوٹے اور بڑے کاروبار کا جال بچھے گا، پہلے حکومت سے حکومت کے درمیان معاہدے ہوئے، اب بزنس سے بزنس کے معاہدے ہوں گے۔

وفاقی وزیرِ پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا ہے کہ ہم پاکستان کی معیشت کی مضبوطی کے ایجنڈے پر گامزن ہیں، حکومت نے پاکستان سے سرخ فیتے کے کلچر کے خاتمے کا عزم کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ہنر مند افراد دنیا کی ترقی میں اپنا بہترین کردار ادا کر رہے ہیں، ہم ترقی، خوش حالی اور اعتدال پر مبنی معاشرے کی تشکیل چاہتے ہیں۔

وفاقی وزیرِ پیٹرولیم مصدق ملک نے بتایا کہ ہمارے ملک کے نوجوان سعودی کمپنیوں کے ساتھ مل کر چھوٹے کاروبار شروع کریں گے، ہم نے ملک کی ترقی کے لیے دن رات کوشش کی۔

انہوں نے یہ بھی بتایا ہے کہ آج سعودی عرب کے کاروباری افراد پاکستان میں ہیں اور پاکستانی کمپنیوں سے بات کر رہے ہیں۔

تجارتی خبریں سے مزید