پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شبلی فراز کا کہنا ہے کہ آج بانی پی ٹی ائی اگر جیل میں ہیں تو وہ پاکستان کی خاطر ہیں، بانی پی ٹی آئی سمجھتے ہیں یہ میری قوم کے مستقبل کی جنگ ہے۔
اسلام آباد میں خیبر پختونخوا ہاؤس کے باہر پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ الیکشن کے بعد آج پہلی بڑی بیٹھک تھی جس میں تبادلہ خیال ہوا، پارٹی کو مزید منظم کرنے سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
شبلی فراز نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی 9 ماہ سے جیل میں ہیں ان کی سزاؤں سے متعلق بات ہوئی، قید خواتین کے مقدمات بھی آگے نہیں بڑھ رہے، مزید کیسز بنائے جا رہے ہیں، اجلاس میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی کےلیے جدوجہد مزید تیز کرنے پر زور دیا گیا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ سپریم کورٹ کا آج خواتین کی مخصوص نشستوں کے حوالے سے اہم فیصلہ آیا، آج کے فیصلہ سے امید ہے مخصوص نشستوں کا مسئلہ حل ہوگا، اس وقت جیسے ملکی حالات ہیں اور غیر نمائندہ پارٹی حکومت میں ہے، وزیراعظم، صدر، وزرائے اعلیٰ الیکشن سے متعلق اخلاقی جواز ختم ہوگیا، جس ملک میں عدلیہ کھڑی ہوجائے اس کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔
شبلی فراز نے کہا کہ ایسے حالات میں یہاں پر کوئی غیر ملکی سرمایہ کاری نہیں آئے گی، توقع کرتے ہیں قانون و آئین اپنا راستہ بنائے گا، عدالتیں ایسے فیصلے دیں جو ملک کے لیے بہتر ہوں۔
پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ محمد بن سلمان کی تحریک انصاف میں خاص عزت ہے، ہم محمد بن سلمان کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں، ہماری حکومت میں او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس دو بار ہوئے۔
شبلی فراز نے کہا کہ ایک ارب ڈالر آئی ایم ایف سے لینے کیلئے ہم نے کیا کچھ نہ کیا، گندم اسکینڈل میں 1 ارب سے زائد کے گھپلے کی خبریں چل رہی ہیں۔