چین کے صوبہ زی جیانگ میں ایک نیا اسکینڈل سامنے آیا ہے جہاں ایک شخص نے ہزاروں اسمارٹ فونز کے استعمال سے ویورشپ میں اضافہ کرکے بھاری رقم کمائی۔
مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، اس نئے فراڈ کی مدد سے اس شخص نے صرف چند مہینوں میں 30 لاکھ یوآن یعنی چار لاکھ پندرہ ہزار ڈالرز کمائے۔
جیسے ہی حکام کو اس اسکینڈل کے بارے میں اطلاع ملی تو انہوں نے اس شخص کو گرفتار کرلیا اور اس پر50 ہزار یوآن یعنی 7 ہزار ڈالرز کا جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ ساتھ 15 ماہ کے لیے جیل بھیج دیا گیا۔
اس شخص کی شناخت وانگ کے نام سے ہوئی جس نے 2022ء میں برشنگ کا تجربہ کرنے کے بعد آن لائن اسکیمنگ شروع کی۔
برشنگ انٹرنیٹ پر حقیقی سرگرمیوں کو جھوٹا ثابت کرنے اور زیادہ سے زیادہ صارفین کو اپنی طرف متوجہ کرنے کا ایک عمل ہے۔
یہ طریقہ کار زیادہ تر ای کامرس کے کاروبار میں جعلی آرڈرز کرنے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔
وانگ نے 4 ہزار 600 اسمارٹ فونز خریدے اور ایک مخصوص سافٹ ویئر انسٹال کیا جس کی مدد سے وہ اپنے کمپیوٹر پر صرف چند کلکس میں تمام فونز ایک ساتھ چلا سکتا ہے۔
رپورٹ میں مشتبہ شخص کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ ایک فون کو اس عمل کے دوران ایک دن میں ایک فون چلانے کے لیے صرف 6.65 یوآن خرچ ہوتے ہیں۔